شام میں ملبے تلے جنم لینے والی بچی معجزاتی طور پر بچ گئی، پورا خاندان ہلاک
شام میں ملبے تلے جنم لینے والی بچی معجزاتی طور پر بچ گئی، پورا خاندان ہلاک
بدھ 8 فروری 2023 19:51
امدادی کارکنوں نے جب بچی کو ملبے سے باہر نکالا تو وہ ناف کے ذریعے اپنی ماں سے جڑی ہوئی تھی( فوٹو: اے ایف پی)
شمالی شام کے جندیرس قصبے میں تباہ کن زلزلے کے دوران جنم لینے والی بچی معجزاتی طور پر زندہ بچ گئی جبک پورا خاندان ہلاک ہوگیا۔
الامارات الیوم اور العربیہ نیٹ کے مطابق نومولود بچی کے خاندان کے تمام افراد جن میں اس کی والدہ عفرا، والد عبداللہ المیحان، چار بھائی اور خالہ شامل ہیں ہلاک اور گھر تباہ ہوگیا۔
امدادی کارکنوں نے جب بچی کو ملبے سے باہر نکالا تو وہ ناف کے ذریعے اپنی ماں سے جڑی ہوئی تھی۔
متاثرہ خاندان کے رشتہ دار خلیل السوادی نے جذبات پر قابو رکھتے ہوئے بتایا کہ ’ہم فیملی اور اس کے سربراہ کو تلاش کررہے تھے اچانک ہمارے کانوں میں ایک آواز آئی۔ ملبہ ہٹایا تو ہمیں اپنی ماں سے جڑی ہوئی نومولود بچی نظر آئی جسے میرے چچا زاد بھائی نے فوری طور پر ہسپتال پہنچایا‘۔
سوشل میڈیا پر ایک وڈیو وائرل ہے۔ جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ امدادی کارکن تباہ شدہ عمارت کے ملبے کے اوپر نظر آرہے ہیں جبکہ ایک شخص بلڈوزر کے عقب سے نومولود بچی جو خون میں لت پت ہے گود میں لیے بھاگا چلا جارہا ہے۔
ایک اورشخص کی آواز وڈیو میں سنی جاسکتی ہے جس میں وہ بچی کو ہسپتال میں لے جانے کے لیے گاڑی طلب کررہا ہے۔ ایک اور شخص ایک کمبل میں بچی کو لپیٹنے کی کوشش کررہا ہے۔
امدادی ٹیم نے چند گھنٹے بعد تباہ شدہ مکان کےملبے سے خاندان کے تمام افراد کی نعشیں نکال لیں۔
امدادی ٹیم نے تباہ شدہ مکان کےملبے سے خاندان کے تمام افراد کی نعشیں نکال لیں (فوٹو: ٹوئٹر)
نومولود بچی کو حلب کے شمال بعید میں واقع عفرین شہر کے ہسپتال میں داخل کردیا گیا ہے جہاں انتہائی نگہداشت کے شعبے میں اس کی دیکھ بھال کی جارہی ہے۔
سوشل میڈیا پر صارفین نومولود کی پیدائش اور اس کے بچ جانے پر تبصرے کررہے ہیں۔
عفرین ہسپتال کے ڈاکٹر نے بتایا کہ ’نومولود بچی کے اعضا شدید سردی کے باعث ٹھٹھرے ہوئے تھے۔ اس نے کئی گھنٹے ملبے تلے شدید سردی میں گزارے تھے‘۔
بچوں کے امراض کے ماہر ھانی معروف نے بتایا کہ ’ابتدائی طبی معائنے مکمل کرلیے۔ بچی کو انجیکشن کے ذریعے کیلشیئم کی ڈوز دی جارہی ہے کیونکہ وہ کئی گھنٹے تک بھوکی پیاسی رہی ہے‘۔
’بچی کی صحت عموما تسلی بخش ہے تاہم اس کے جسم پر متعدد زخم بھی ہیں۔ ایسا لگتا ہے زلزلے کے تقریبا سات گھنٹے بعد بچی نے جنم لیا ہے‘۔