Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ترکیہ میں منہدم عمارت کے ملبے سے سعودی خاتون کی نعش مل گئی

ترکیہ انقرہ میں سعودی سفارتخانے کے ناظم الامور نے کہا ہے کہ ’ترکیہ  کے شہر انطاکیہ میں زلزلے سے منہدم ہونے والی عمارت کے ملبے تلے دبے افراد کی تلاش کا کام مکمل ہوگیا۔ ملبے سے لاپتہ سعودی خاتون کی لاش ملی ہے‘۔
یاد رہے کہ جمعرات کو غازی عنتاب شہر میں لاپتہ سعودی خاتون کے زلزلے میں بچ جانے کی اطلاع ملی تھی۔ 
عکاظ اخبار کے مطابق سعودی ناظم الامور محمد الحربی نے بتایا کہ’ زلزلے سے متاثرہ شہر انطاکیہ کی ایک عمارت میں سعودی خاتون کی موجودگی کی اطلاع اس کے رشتہ داروں کی جانب سے موصول ہوئی تھی‘۔
’اطلاع میں بتایا گیا تھا کہ ان کی رشتہ دار خاتون زلزلے کے وقت عمارت میں تھیں۔ اس کاامکان ہے کہ وہ ملبے تلے موجود ہوں‘۔ 
سعودی سفارتخانے کے ناظم الامور نے کہاکہ’ ترکیہ کی حکومت نے سعودی سفارتخانے کی درخواست پر خصوصی امدادی ٹیموں کےذریعے تباہ شدہ عمارت کے ملبے میں سعودی خاتون کو تلاش کرنے کی کوشش کی‘۔
انہوں نے بتایا ’امدادی ٹیمیں دو روز تک اس امید پر کام کرتی رہیں کہ سعودی خاتون ملبے میں زندہ ہوں تاہم جمعے کو ملبے سے لاش مل گئی‘۔ 
محمدالحربی نے بتایا کہ’ سعودی خاتون کی تین بیٹیاں ترکیہ پہنچ چکی ہیں۔ان میں سے دو قبرص سے آئی ہیں جبکہ تیسری حادثے کی اطلاع ملتے ہی سعودی عرب سے وہاں پہنچی‘۔ 
 سفارتخانے کی جانب سے سعودی خاتون کی تینوں بیٹیوں کو شناخت کے لیے انطاکیہ لے کر گئے۔ منہدم عمارت پہنچنے پر بیٹیوں نے اپنی ماں کی نعش شناخت کرلی۔ 
سعودی ناظم الامور کا کہنا ہے کہ ’ترکیہ میں مقیم سعودی خاتون کے ترک رشتہ دار ہیں۔ ان کی عمر پچاس برس ہے۔ تینوں بیٹیوں نے فیصلہ کیا ہے کہ ان کی ماں کی تدفین ان کے ترک رشتہ داروں کے قبرستان میں کی جائے گی‘۔ 
انہو ں نے کہا کہ’ سفارتخانے کی ورکنگ ٹیم زلزلہ زدہ علاقوں سے کسی بھی سعودی شہری کے رابطے کا جواب دینے کے لیے چوبیس گھنٹے مستعد ہیں۔ 45 سعودیوں کو متاثرہ علاقوں سے نکالا گیا ہے‘۔

شیئر: