Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات کی ریسکیو ٹیم نے ترکیہ میں ملبے تلے دبے خاندان کو بچا لیا

ترکیہ میں موسم انتہائی سرد ہے جس کے باعث امدادی آپریشن میں شریک ٹیموں کو مشکلات کا سامنا ہے (فوٹو: وام)
ترکیہ میں تباہ کن زلزلے کے بعد متحدہ عرب امارات(یو اے ای) کی ریسکیو ٹیم ایک گھر کے ملبے سے چار افراد پر مشتمل خاندان کو زندہ نکالنے میں کامیاب ہو ئی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ترکیہ و شام میں آنے والے زلزلے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 16 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔
اماراتی نیوز ایجنسی(وام) کے مطابق ایک ماں اور ان کے چار بچوں پر مشتمل یہ خاندان زلزلے کے مرکز کے قریب واقع ترکیہ کے صوبے قہرمان مرعش میں رہتا تھا۔
’اس خاندان کو زندہ نکالنے کا آپریشن مکمل کرنے میں پانچ گھںٹے کا وقت لگا۔‘
مکان کے ملبے سے باہر نکالنے کے بعد ان تمام افراد کو ابتدائی طبی امداد دی گئی اور ہسپتال منتقل کیا گیا۔
واضح رہے کہ ریسکیو کی یہ کارروائی یو اے ای کے جانب سے رواں ہفتے ترکیہ اور شام میں زلزلے کے بعد شروع کیے گئے ’گیلینٹ نائٹ ٹو‘ آپریشن کا حصہ تھی۔
اس سے قبل یو اے ای کی حکومت نے زلزلے سے متاثر ہونے والے دونوں ممالک کے لیے 100 ملین ڈالرز کی امداد کا اعلان کرتے ہوئے ریلیف فلائٹس بھیجنا شروع کر دی تھیں۔

یو اے ای کی ریسکیو ٹیم ترکیہ سے تین زخمی اماراتی شہریوں کے انخلاء کو ممکن بنایا تھا (فوٹو: وام)

بدھ کو یو اے ای کی ریسکیو ٹیم ترکیہ سے تین زخمی اماراتی شہریوں کے انخلاء کو ممکن بنایا تھا۔
ترکیہ میں امدادی کارروائیاں یو اے کی کی وزارت خارجہ اور وزارت دفاع کے تعاون سے کی جا رہی ہیں۔
خیال رہے کہ ترکیہ اور شام میں تباہ کن زلزلے کے بعد پوری دنیا سے ان ممالک کے لیے امدادی سامان بھیجا جا رہا ہے۔
ترکیہ میں موسم انتہائی سرد ہے جس کے باعث امدادی آپریشن میں شریک ٹیموں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

شیئر: