Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کرن کُندرا کی اذان کے احترام میں خاموشی، ’یہی تو خوبصورتی ہے‘

تیجسوی پرکاش اور کرن بگ باس کے سیزن 15 سے ایک دوسرے کو ڈیٹ کر رہے ہیں (فوٹو:کرن کندرا انسٹاگرام)
انڈیا کے ٹی وی اداکار اور ریئلٹی شو سٹار کرن کُندرا نے پریس کانفرنس کے دوران اذان کے احترام میں خاموشی اختیار کر لی۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق کرن کُندرا اپنے نئے شو ’تیرے عشق میں گھائل‘ کی تشہیر کے دوران ایک پریس کانفرنس میں موجود تھے جہاں انہوں نے اذان کے دوران کچھ منٹوں کے لیے خاموشی اختیار کی۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کرن اپنے شو کی شوٹنگ کے بارے میں بات کر رہے تھے کہ اس دوران اذان ہونے لگی جس پر ان کی ساتھی اداکارہ رِیم سمیر شیخ نے انہیں بتایا کہ قریب سے اذان کی آواز آ رہی ہے جس پر انہوں نے کہا کہ ’ہمیں تھوڑی دیر کے لیے رُکنا چاہیے؟ اذان، دو منٹ۔‘
کرن کُندرا نے اپنے نئے ڈرامہ ’عشق میں گھائل‘ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم نے جن مقامات پر شوٹنگ کی ہے، جو ہمارے کرداروں کی بنیاد ہے اور جہاں ہماری کہانی بنائی گئی ہے وہاں کا پیار اور جادو آپ دیکھ کر حیران ہو جائیں گے۔‘
اس ڈرامے سے پہلے کرن مشہور سیریل ’یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے‘ اور ’یہ کہاں آگئے ہم‘ سمیت کئی ڈراموں کے ساتھ ساتھ ایم ٹی وی روڈیز اور بِگ باس جیسے بڑے ریئلٹی شوز میں کام کر چکے ہیں۔
اپنے کام کے ساتھ ساتھ وہ اداکارہ تیجسوی پرکاش کو ڈیٹ کرنے پر بھی خبروں کی زینت بنے رہتے ہیں۔
رواں سال انڈین میڈیا کی جانب سے دعوی کیا گیا ہے کہ ’تیجران‘ کے نام سے سوشل میڈیا پر مشہور یہ جوڑا 2023 میں شادی کرنے والا ہے۔
تیجسوی اور کرن بگ باس کے سیزن 15 سے ایک دوسرے کو ڈیٹ کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ ایسا ہی ایک واقعہ 2014 میں بالی وُڈ کے دبنگ خان سلمان خان کے ساتھ بھی پیش آیا تھا جب انہوں نے معروف ریئلٹی شو بِگ باس کی افتتاحی تقریب کے دوران اذان پر خاموشی اختیار کر لی تھی۔
38 سالہ اداکار کی جانب سے اذان کے احترام میں خاموش رہنے پر انہیں فوٹو اینڈ ویڈیو پلیٹ فارم انسٹاگرام پر خوب سہرایا جا رہا ہے۔
حریم آصف تبصرہ کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ ’اگر سب اسی طرح دوسرے مذاہب کی عزت کریں تو دنیا امن کا گہوارہ بن جائے۔‘
فرزین اختر لکھتے ہیں کہ ’اب اس بندے کی عزت کرنا ہم پر فرض ہے۔‘
صبرین شیخ نے انڈیا میں مذہبی ہم آہنگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمارے ملک کی یہی تو خوبصورتی ہے۔‘
ردان خان نے جذباتی انداز میں تبصرہ کیا کہ ’نفرت تو ہر کوئی کماتا ہے لیکن پیار کوئی کوئی کماتا ہے۔‘

شیئر: