بالی وُڈ میں پربھاس اور کریتی سینن کی منگنی کی چہ مگوئیاں
عمیر سندھو کہتے ہیں کہ ’کریتی سینن اور پربھاس اگلے ہفتے مالدیپ میں شادی کر رہے ہیں۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
بالی وُڈ نگری میں ایک مرتبہ پھر سے ایک نئے جوڑے کی منگنی کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔
گذشتہ کچھ روز سے قیاس آرائی کی جا رہی ہے کہ جنوبی انڈٰیا کے سپرسٹار پربھاس اور ہندی فلم انڈسٹری کی اداکارہ کریتی سینن بہت جلد ایک دوسرے سے منگنی کرنے والے ہیں۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق اداکار پربھاس کی ٹیم نے دونوں سپرسٹارز کی منگنی کی خبروں کو مسترد کر دیا ہے۔
ہوا کچھ یوں کے کچھ روز قبل سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عمیر سندھو نامی ایک فلم ناقد نے خبر بریک کی کہ کریتی سینن اور پربھاس بہت جلد مالدیپ میں منگنی کرنے والے ہیں۔
عمیر سندھو کہتے ہیں کہ ’کریتی سینن اور پربھاس اگلے ہفتے مالدیپ میں شادی کر رہے ہیں۔ ان کے لیے بہت خوشی ہو رہی ہے۔‘
فلم ناقد کی اس خبر کے بعد پربھاس کی ٹیم کی جانب سے وضاحتی بیان سامنے آگیا ہے۔
پربھاس کی ٹیم کے رُکن نے منگنی کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ’پربھاس اور کریتی صرف دوست ہیں۔ ان کی منگنی کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔‘
کریتی سینن اور پربھاس حالیہ دنوں میں فلم ’ادی پورش‘ میں ایک ساتھ کام کر رہے ہیں۔ دونوں سپر سٹارز کے بارے میں فلم کی شوٹنگ کے دوران ایک دوسرے کو ڈیٹ کرنے کی افواہوں نے بھی گردش کیا تھا جسے کریتی سینن کی جانب سے مسترد کر دیا گیا تھا۔
تاہم ساتھی اداکار ورن دھون نے کریتی کے بارے میں ایک اہم انکشاف کیا تھا۔
ورن دھون نے بالی وُڈ کے ڈائریکٹر کرن جوہر کے شو میں کہا تھا کہ ’کریتی کا نام اس لیے نہیں لے رہا کیونکہ کریتی کسی کے دل میں ہے، ایک آدمی ہے جو ممبئی میں نہیں ہے، وہ اس وقت شوٹنگ کر رہا ہے دپیکا کے ساتھ۔‘
خیال رہے یہاں ورن دھون کی مراد پربھاس سے تھی جو کہ اپنی فلم ’پروجیکٹ کے‘ کے سلسلے میں دپیکا پاڈوکون کے ساتھ شوٹنگ کر رہے تھے۔
اس کے بعد کریتی سینن نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ انسٹاگرام پر افواہوں کو رد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’نہ یہ پیار ہے نہ پی آر ہے۔ ہمارا بھیڑیا ریئلٹی شو پر تھوڑا زیادہ جذباتی ہوگیا تھا اور اُن کے اس مزاح سے بھرپور جذبات نے افواہوں کو جنم دیا ہے۔ اس سے پہلے کے کوئی میری شادی کی تاریخ بتا دے، میں سب کو بتا دیتی ہوں کہ ان افواہوں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔‘
دوسری جانب ٹی سیریز کے تعاون سے بننے والی فلم ’ادی پوروش‘ کا مرکزی خیال ہندو مذہب کے تاریخی واقعے رامائن پر مبنی ہے۔
فلم 16 جون کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔
اس کی کاسٹ میں پربھاس، کریتی سینن اور سیف علی خان شامل ہیں۔