ترکیہ اور شامی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، مدد جاری رہے گی: سعودی کابینہ
شاہ سلمان کی صدارت کابینہ کا اجلاس منگل کو ریاض میں ہوا ہے(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی کابینہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب زلزلے کے المیے سے نمٹنے میں شامی اور ترک بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کی بھرپور مدد کرتا رہے گا۔
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صدارت کابینہ کا اجلاس منگل کو ریاض میں ہوا ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق کابینہ کو ترک وزیراعظم کے ساتھ شہزادہ محمد بن سلمان کے ٹیلیفونک رابطے سے آگاہ کیا گیا جس میں انہوں نے صدر رجب طیب اردگان سے زلزلے میں ہلاکتوں پر اظہار تعزیت کیا اور بھرپور تعاون کا یقین دلایا تھا۔
کابینہ نے سعودی موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ’زلزلے سے پیدا ہونے والے انسانی حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ سعودی عرب دونوں برادر ملکوں پر زلزلے کے اثرات کا بوجھ کم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ امدادی عمل میں حصہ لیا جارہا ہے۔ متاثرین کی مدد کے لیے عوامی عطیات مہم چلائی جارہی ہے‘۔
قائم مقام وزیر اطلاعات ماجد القصبی نے کہاکہ کابینہ میں گزشتہ دنوں برادر اور دوست ممالک کے ساتھ سعودی قیادت کے مذاکرات پر رپورٹ پیش کی گئی۔ بتایا گیا کہ ولی عہد نے اٹلی کی وزیراعظم اور کویتی ولی عہد سے رابطے کیے تھے۔
کابینہ میں اس ہفتے کے دوران سعودی عرب کی میزبانی میں ہونے والے اہم اقتصادی پروگراموں کا بھی جائزہ لیا۔
کابینہ نے ولی عہد کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل سیکٹر کی سرپرستی کرکے سعودی عرب کا سربلند کردیا۔ لیپ 23 کانفرنس کے موقع پر 9 ارب ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کو اہم کامیابی قرا دیا گیا۔
کابینہ نے سال رواں 2023 کی دوسری سہ ماہی کے دوران سعودی خلا بازوں کو بین الاقوامی خلائی سٹیشن بھیجنے کے پروگرام کی ستائش کی۔
اجلاس نے گلوبل ڈیولپمنٹ انشیٹیو کے گروپ آف فرینڈز میں مملکت کے الحاق اور کان کنی کے ذخائر، فرپورٹنگ سٹینڈرڈ آرگنائزیشن (CRSCO) کی بین الاقوامی کمیٹی میں رکنیت کی منظوری دی ہے۔
کابینہ نے تیرہ فیصلے جاری کیے ہیں۔ مالیاتی اکیڈمی، کنگ عبدالعزیز سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سٹی اور سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے نظام کی منظوری دی گئی ہے۔