Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی کابینہ کا اجلاس، فوڈ سیکیورٹی اتھارٹی کے قیام کی منظوری

کابینہ کا اجلاس منگل کو شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیرصدارت ہوا ہے(فوٹو ایس پی اے)
سعودی کابینہ نے مملکت میں غذائی مسائل ٹھوس بنیادوں پر حل کرنے کے لیے فوڈ سیکیورٹی اتھارٹی قائم کی ہے۔
 اناج جنرل کارپوریشن کو فوڈ سیکیورٹی اتھارٹی میں تبدیل کرنے اور اتھارٹی کے انتظامی ضوابط کے  مسودے کی منظوری دی گئی۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق کابینہ کا اجلاس منگل کو ریاض کے  قصرعرقہ میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیرصدارت ہوا ہے۔
شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کویتی ولی عہد کی جانب سے سعودی عرب اور اس کے برادر عوام کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں انہیں مزید مضبوط بنانے کے طریقوں سے متعلق مکتوب کے متن سے کابینہ کو آگاہ کیا۔ 
قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد القصبی نے اجلاس کے بعد ایس پی اے کو بتایا  کہ کابینہ نے گزشتہ دنوں برادر اور دوست ممالک کےعہدیداروں کے ساتھ سعودی عہدیداروں کی ملاقاتوں اور مذاکرات کے نتائج کا جائزہ لیا۔
کابینہ نے مصر اور سعودی عرب کے درمیان سیاسی مشاورت کمیٹی کے اجلاس اور اس کی قراردادوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ متعدد علاقائی و بین الاقوامی مسائل پر دونوں ملکوں کا نقطہ نظر ایک جیسا ہے۔
دونوں ملک تمام شعبوں میں باہمی تعاون کو عروج کی نئی منزلوں تک لے جانا چاہتے ہیں اور خطے کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مسلسل یکجہتی قائم رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔ دونوں ملکوں کو یقین ہے کہ وہ اپنی مرکزی حیثیت کے تناظر میں خطے کے امن و استحکام کے حوالے سے اپنے فرائض احسن شکل میں ادا کرتے رہیں گے۔ 

کابینہ نے وزیر سیاحت کو بحرین کے ساتھ سیاحتی شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کا اختیار دیاہے( فوٹو ایس پی اے)

کابینہ نے ریاض میں کانکنی کی بین الاقوامی کانفرنس کے نتائج کے حوالے سے کہا کہ 60 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کانکنی کے شعبے کے مستقبل پر ہونےوالے مباحثے، سٹراٹیجک معدنیات کی رسد میں خطے کے کردار میں توسیع اور گرین معدنیات کی پیداوار میں خطے کے جامع مرکز بننے کی کوششیں اطمینان بخش ہیں۔ 
کابینہ نے ولی عہد کی صدارت میں سرمایہ کاری سرگرمیوں کے فنڈ کے اجرا کے حوالے سے  کہا کہ اس سے چار ابھرتے ہوئے شعبوں کا پائدار بنیادی ڈھانچہ استوار ہوگا۔ ثقافت، سیاحت، تفریحات اور کھیلوں کے شعبے پروان چڑھیں گے۔
کابینہ نے مارچ 2023 کی قسط کی ادائیگی تک مزید تین ماہ کے لیے سٹیزن اکاؤنٹ پروگرام سے فائدہ اٹھانے والوں کے لیے اضافی اعانت میں توسیع کو عوام کے دکھ درد کے ازالے میں قیادت کی دلچسپی کا عکاس قرار دیا۔
کابینہ نے 13 فیصلوں کی بھی منظوری دی۔ جمہوریہ ہیلینی کے ساتھ ثقافت کے شعبے میں تعاون کی مفاہمت کی یادداشت اور ثقافتی اظہار میں تنوع کے تحفظ کے معاہدے میں شمولیت کا فیصلہ کیا گیا۔
کابینہ نے ازبکستان کے ساتھ زراعت اور مویشیوں کی افزائش کے سلسلے میں تعاون کی  مفاہمتی یادداشت کی منظوری دی۔
 وزیر ماحولیات و پانی و زراعت کو جیبوتی کے ساتھ جانوروں کی افزائش کے سلسلے تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط، وزیر نقل و حمل و لاجسٹک خدمات کو کوریا کے ساتھ  لاجسٹک خدمات، ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کے سلسلے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کے اختیار تفویض کیے۔ 
کابینہ نے وزیر سیاحت کو بحرین کے  ساتھ سیاحت کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت، العلا رائل کمیشن کے گورنر کو فرانس کے ساتھ آرٹ نمائشوں میں تعاون کے معاہدے پر دستخط کے اختیارات تفویض کیے۔ 
 ہنگری کے ساتھ ٹیکس اور کسٹم کے سلسلے میں مفاہمتی یادداشت کی منظوری دی گئی۔ وزیرماحولیات و پانی کو دس جنوری 2023 سے واٹر کمپنیوں کی مجلس انتظامیہ کے سربراہ کے فرائض تفویض کیے گئے ہیں۔  

شیئر: