سال رواں جنوری میں افراط زر میں 3.4 فیصد اضافہ
فلیٹس کے کرایوں میں مجموعی طور پر 19.3 فیصد تک اضافہ ہوچکا ہے (فوٹو: الاقتصادیہ)
سعودی محکمہ شماریات نے کہا ہے کہ’جنوری 2022 کے مقابلے میں سال رواں کی جنوری میں افراط زر میں 3.4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے‘۔
الاقتصادیہ کے مطابق محکمہ شماریات نے بیان میں کہا کہ ’افراط زر میں اضافہ مکانات کے کرایوں، پانی، بجلی اور گیس کے نرخوں اور دیگر فیولز کی قیمتوں میں 6.6 فیصد اضافے کے باعث ہوا ہے‘۔
’کھانے پینے کی اشیا کی قیمتیں 4.2 فیصد اضافہ بھی اس کی وجہ ہے‘۔
محکمہ شماریات کا کہنا ہے کہ ’مکانات کے کرایوں میں حقیقی اضافہ جنوری 2023 کے دوران 7.7 فیصد ہوا۔ فلیٹس کے کرایوں میں اضافہ مجموعی طور پر 19.3 فیصد تک ہوچکا ہے۔ مکانات کے کرایوں میں اس حد تک اضافے سے جنوری میں سالانہ افراط زر کی شرح بہت زیادہ متاثر ہوئی‘۔
’کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوں میں 4.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ گوشت اور مرغیوں کی قیمت 6.1 فیصد بڑھ گئی۔ دودھ اورانڈوں کی مصنوعات کی قیمتوں میں 15.8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا‘۔