پی ایس ایل: لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 63 رنز سے شکست دے دی
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی (فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر)
کراچی میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن کے ایک میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 63 رنز سے شکست دے دی۔
منگل کو لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 199 رنز کا ہدف دیا تھا مگر کوئٹہ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز ہی بنا پائی۔
کوئٹہ کی جانب سے سب سے زیادہ 48 رنز جیسن روئے نے بنائے۔ انہوں نے 30 گیندوں کا سامنا کیا اور راشد خان کی گیند پر بولڈ آؤٹ ہوئے۔ محمد حفیظ 25 رنز بنا سکے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور ڈیوڈ ویزے نے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
منگل کی شام کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
لاہور قلندرز نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو اس کی پہلی وکٹ 49 رنز پر گر گئی۔ اوپنر فخر زمان 22 رنز بنانے کے بعد اوڈین سمتھ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
ان کے بعد طاہر بیگ 31 رنز بنا کر محمد نواز کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔ کامران غلام نے 17 گیندوں پر 21 رنز بنائے جس کے بعد وہ قیس احمد کا شکار بنے۔
شائی ہوپ نے پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 47 رنز بنائے لیکن نصف سینچری مکمل کرنے سے پہلے ہی وہ اوڈین سمتھ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ حسین طلعت 26 رنز بنانے کے بعد قیس احمد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
ان کے بعد ڈیوڈ ویزے ابھی کریز پر قدم جما بھی نہ پائے اور انہوں صرف ایک ہی رن بنایا تو محمد حسنین نے انہیں بولڈ کر دیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بولرز قیس احمد اور اوڈیم سمتھ نے دو، دو، جبکہ محمد نواز اور محمد حسنین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس ٹورنامنٹ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اب تک تین میچز کھیلے ہیں جن میں سے اسے ایک میں کامیابی اور دو میں شکست ہوئی۔ لاہور قلندرز نے اب تک کھیلے گئے دو میچوں میں سے ایک میں کامیابی سمیٹی جبکہ دوسرے میں اسے ناکامی ہوئی۔