پی ایس ایل: پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو چار وکٹوں سے ہرا دیا
پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن کے میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو چار وکٹوں سے شکست دے دی۔
پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا جو اس کے لیے مثبت ثابت ہوا۔
پشاور زلمی نے 155 رنز کے تعاقب میں اننگز کا آغاز کیا تو اس کی پہلی وکٹ 29 پر گر گئی۔ محمد حارث 18 رنز بنانے کے بعد محمد حسنین کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔
ان کے بعد صائم ایوب آئے لیکن وہ کوئی رن بنائے بغیر ہی محمد حسنین کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔ ٹام کوہلر نے ابھی نو رنز ہی بنائے تھے لیکن وہ بھی محمد حسنین کا شکار بن گئے۔ رومین پاول نے دو چھکوں اور تین چوکوں سمیت 36 رنز سکور کیے جس کے بعد وہ نسیم شاہ کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
جیمز نیشم نے دو چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 38 بنائے اور پھر قیس احمد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
کپتان بابر اعظم اس میچ میں خاص کارکردگی نہ دکھا سکے اور 19 رنز بنانے کے بعد محمد نواز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی بولرز محمد حسنین نے تین، جبکہ نسیم شاہ، قیس احمد اور محمد نواز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹر نے اننگز کا آغاز کیا تواس کی پہلی وکٹ جیمز نیشم نے مارٹن گپٹل کو 12 رنز پر آؤٹ کر کے حاصل کی۔ ان کے بعد جیسن روئے 14 رنز بنانے کے بعد عثمان قادر کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
گلیڈی ایٹرز کے محمد نواز کریز پر قدم جما بھی نہ پائے تھے اور دو رنز ہی بنائے تھے کہ انہیں بھی عثمان قادر نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا۔
چوتھی وکٹ کپتان سرفراز احمد کی گری جو ارشد اقبال کی گیند پر 38 رنز بنا کر بولڈ ہوئے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی قیادت قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد اور پشاور زلمی کی قیادت موجودہ کپتان بابر اعظم نے کی۔
ایونٹ میں اب تک کوئٹہ گلیڈی ایٹر تین میچ کھیل چکی ہے جس میں اسے دو میں شکست اور ایک میں فتح ہوئی تھی۔
پہلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ملتان سلطانز نے نو وکٹوں سے شکست دے تھی۔ اپنے دوسرے میچ میں کوئٹہ نے کراچی کنگز کو 6 رنز سے ہرایا تھا۔
پشاور زلمی بھی پی ایس ایل میں اب تک تین میچ کھیل چکی ہے۔
پہلے میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو آؤٹ کلاس کردیا تھا۔ دوسرے میچ میں پشاور زلمی کو ملتان سلطانز نے بڑے مارجن سے شکست دی تھی۔ جبکہ تیسرے میچ میں اس نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ہرایا۔