جو بائیڈن دوبارہ الیکشن لڑیں گے، خاتون اوّل کی تصدیق
بائیڈن کو آج تک کسی بڑے پرائمری چیلنجر کا سامنا نہیں کرنا پڑا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی خاتون اول جل بائیڈن کا کہنا ہے کہ اُن کے شوہر صدر جو بائیڈن دوسری بار چار سالہ مدت کے لیے انتخاب لڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں تاہم اس کا باقاعدہ اعلان ہونا باقی ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے جب اُن سے بائیڈن کے حالیہ مکمل ہونے والے نمیبیا اور کینیا کے دوروں کے بارے میں پوچھا تو جل بائیڈن نے بتایا کہ وہ توقع کرتی ہیں کہ وہ (بائیڈن) ایک مہم کا اعلان کریں گے۔
جل بائیڈن نے ایک سوال کے جواب میں اس امکان کو مسترد کیا کہ 80 سالہ ڈیموکریٹ 2024 میں انتخاب سے باہر ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے سفر کے دوران ایسوسی ایٹڈ پریس کو اور بھی مضبوط ریمارکس دیے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا صدر دوبارہ الیکشن لڑیں گے۔
جل بائیڈن نے جواب دیا کہ ’انہیں کتنی بار یہ کہنا پڑے گا تاکہ آپ کو یقین آ سکے؟‘
بائیڈن کو 2024 کا انتخاب لڑنا چاہیے یا نہیں، اس وقت ڈیموکریٹس کے درمیان یہ موضوع زِیربحث ہے۔
جو بائیڈن خود بارہا کہہ چکے ہیں کہ وہ دوبارہ الیکشن لڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور اپنی عمر کے بارے میں سوالات کو مسترد کر چکے ہیں تاہم ابھی اس کا باقاعدہ اعلان کرنا باقی ہے۔
انہوں نے وائٹ ہاؤس میں اے بی سی کے ڈیوڈ موئیر کو بتایا کہ ’اور بھی بہت سی چیزیں ہیں جنہیں میں نے مہم شروع کرنے سے پہلے ختم کرنا ہے۔‘
جو بائیڈن نے گزشتہ نومبر میں کہا تھا کہ وہ 2023 کے اوائل میں فیصلہ کریں گے کہ وہ دوبارہ انتخاب لڑیں گے یا نہیں۔ تاہم اب موسم بہار تک کسی اعلان کی توقع نہیں ہے۔
بائیڈن کو آج تک کسی بڑے پرائمری چیلنجر کا سامنا نہیں کرنا پڑا ہے۔ وہ سال کے ابتدائی ہفتے خفیہ دستاویزات کے تنازع کا شکار ہوئے اور حال ہی میں یوکرین کے اچانک دورے سمیت خارجہ پالیسی پر ان کی توجہ ان کے شیڈول پر حاوی رہی۔
بائیڈن وائٹ ہاؤس کے سابق مشیر سیڈرک رچمنڈ سے جب پوچھا گیا کہ کیا مارچ یا اپریل میں کوئی اعلان ممکن ہے تو ان کا کہنا تھا کہ ’بائیڈن جب بھی تیار ہوں گے، اعلان کر دیں گے۔‘
پولز میں کچھ امریکی شہریوں نے ان کی عمر کے بارے میں خدشات ظاہر کیے ہیں کیونکہ بائیڈن دوسری مدت کے اختتام تک 86 سال کے ہو جائیں گے۔