ایلون مسک نے کہا کہ کمپنی میں شامل ہونے کے بعد سے ہی ان کا ’خواب‘ تھا کہ وہ سستی گاڑی بنائیں۔
تاہم اس کے بعد ٹیسلا نے اپنی الیکٹرک گاڑیوں کا آغاز اپنی پریمیم ماڈل 3 اور ماڈل Y گاڑیاں پیش کر کے کیا اور ایلون مسک مناسب قیمت والی الیکٹرک گاڑیاں بنانے کا خواب پورا نہ کر سکے۔
انہوں نے فروری میں پالو آلٹو، کیلیفورنیا میں ٹیسلا کے انجینیئرنگ ہیڈ کوارٹر کی افتتاحی تقریب میں کہا کہ ’ہم ناممکن کو محض دیر سے کرنے میں مہارت رکھتے ہیں۔‘
اس سے قبل ایلون مسک متعدد بار سستی گاڑیاں بنانے کا اعلان کر چکے ہیں۔
سنہ 2006 میں انہوں نے سستی الیکٹرک گاڑیاں مارکیٹ میں پیش کرنے کے ’خفیہ ماسٹر پلان‘ کا ذکر کیا تھا۔
سنہ 2020 میں ’بیٹری ڈے‘ کے عنوان سے ہوئی تقریب میں ایلون مسک نے کہا تھا کہ ’ٹیسلا آئندہ تین برسوں میں اڑھائی ہزار ڈالر قیمت کے برابر کی سستی الیکٹرک کاریں بنانے کے قابل ہو جائے گی۔
اس موقعے پر انہوں نے کم اخراجات والی بیٹری ڈویلپ کرنے کا ارادہ بھی ظاہر کیا تھا۔
اس کے علاوہ ایلون مسک خود چلنے والی ‘روبوٹیکسز‘ تیار کرنے کی بات بھی کر چکے ہیں لیکن اس آئیڈیے کو ابھی تک وہ حقیقت کا روپ دینے میں کامیاب نہیں ہو سکے ہیں۔
لیکن جب جنوری 2022 میں ایلون مسک سے ان کی اعلان کردہ اڑھائی ہزار ڈالر کی الیکٹرک کار کے بارے سوال پوچھا گیا تو انہوں نے کہا تھا کہ ’ہماری پلیٹ میں فی الحال جو ہے، وہ کافی ہے۔ بلکہ بہت زیادہ ہے۔ انہوں نے اسے ’غلط سوال‘ قرار دیا تھا۔
بعدازاں اکتوبر 2022 میں ایلون مسلک نے کہا تھا کہ ٹیسلا ایک نیکسٹ جنریشن گاڑی تیار کرنے پر کاربند ہے جس کی قیمت غالباً ماڈل 3 اور ماڈل وائے کے نصف کے برابر ہو گی۔
ٹیسلا نے 2021 کے اواخر میں کہا تھا کہ اس گاڑی کی قیمت 36 ہزار ڈالر ہو گی۔