لاہور..... پاکستان علماءکونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان کی سلامتی اور استحکام کے خلاف ہونے والی سازشوں کے خلاف پوری قوم متحد ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے خلاف ہونے والی کسی بھی جارحیت کا بھر پور جواب دیا جائے گا ۔ ایران ، افغانستان پڑوسی ہیں، ہندوستان کے ہاتھوں استعمال نہ ہوں۔پاکستانی سرزمین نہ کبھی کسی ملک کے خلاف استعمال ہوئی ہے نہ ہو گی ۔ ایرانی عسکری قیادت کے بیانات سے پاکستانی قوم کو دکھ ہوا ہے ۔سعودی عرب میں مسلمانوں کے مقدسات ہیں اور سعودی عرب مسلمانوں کی وحدت کا مرکز ہے۔ کسی کو سعودی عرب کے امن سے نہیں کھیلنے دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ پڑوسی اور اسلامی ممالک کے ساتھ امن ، محبت اور رواداری کے تعلقات کو فروغ دیا ہے ۔ عالمی اسلامی عسکری اتحاد میں پاکستان کی شمولیت کا مقصد قطعی طور پر ایران کی مخالفت نہیں ہے ۔پاکستان علماءکونسل کی ذیلی تنظیم وفاق المساجد پاکستان کے تحت ملک بھر میں اجتماعات ہوئے، مظاہرے کئے گئے۔ ان سے مولانا محمد اسلم قادری ، مولانا زبیر زاہد ، مولانا محمد اشفاق پتافی ، مولانا عبد القیوم ، مولانا قاری عبد الحکیم اطہر ، مولانا اسلام الدین نے بھی خطاب کیا۔ مظاہرین پاکستان زندہ باد، پاک سعودی عرب دوستی زندہ باد ، ارض حرمین شریفین پر جان بھی قربان کے نعرے لگا رہے تھے ۔