Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیفا ورلڈ کپ 2034: بنگلہ دیشی کمپنیوں کو تعمیراتی منصوبوں میں شمولیت کی دعوت

11 نئے سٹیڈیم کی تعمیر اور پانچ موجودہ سٹیڈیمز کی تزئین و آرائش ہو گی۔ فوٹو گیٹی امیجز
سعودی عرب کی جانب سے بنگلہ دیش کی مختلف کمپنیوں کو فیفا ورلڈ کپ 2034 کے تعمیراتی منصوبوں میں حصہ لینے کی دعوت دی گئی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ڈھاکہ میں سعودی سفیر نے بنگلہ دیشی کمپنیوں سے کہا ہے ’مملکت میں منعقد ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2034  کے لیے نئے سٹیڈیمز اور تعمیرات کے کاموں کی بولی میں حصہ لیں۔
دنیا کے سب سے بڑے سپورٹس ایونٹ کی میزبانی کا اعزاز حاصل کرنے کے بعد سعودی عرب کے پانچ بڑے شہروں میں 15 سٹیڈیمز میں ورلڈ کپ کے میچز کھیلے جائیں گے۔
میگا تعمیراتی منصوبے میں کھیلوں کے نئے میدان، ٹرانسپورٹ نیٹ ورکس اور ہوٹلز انفراسٹرکچر کی تعمیر کے لیے متعدد غیرملکی کارکنوں کو بھرتی کیا جائے گا۔
ڈھاکہ میں سعودی عرب کے سفیر عیسیٰ الدحیلان نے منگل کو کہا کہ بنگلہ دیشی مزدوروں کو قطر ورلڈ کپ 2022 میں مختلف شعبوں میں تجربے کا موقع ملا ہے۔ 
عیسیٰ الدحیلان نے بنگلہ دیشی تعمیراتی کمپنیوں سے کہا ہے ’سعودی عرب میں 2034 ورلڈ کپ کے لیے11 نئے سٹیڈیم بنائے جائیں گے اور پانچ موجودہ سٹیڈیمز کی تزئین و آرائش ہوگی جو کہ تعمیراتی کمپنیوں اور مزدوروں کے لیے یہ بہترین موقع ہوگا۔

مزدوروں کی زبردست مانگ ہے، 7000 ویزے یومیہ جاری ہو رہے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

مملکت کے مختلف شہروں میں مزید ہوٹل اور ریزورٹس کی تعمیر کے بھی مواقع موجود ہوں گے جو بنگلہ دیش کی تعمیراتی انڈسٹری کے لیے سنہری موقع ثابت ہوگا۔
قبل ازیں قطر میں 2022 کے ورلڈ کپ کے میگا منصوبوں کی تکمیل میں تقریباً 20 لاکھ تارکین وطن مزدوروں نے حصہ لیا تھا، جن میں اکثریت بنگہ ادیشیوں کی تھی۔
ان مزدوروں نے آٹھ سٹیڈیمز کی تعمیر و مرمت، ایک مکمل نیا شہر ’لوسیل‘، دوحہ میٹرو، ہوٹلز اور نئے ٹرانسپورٹ روٹس کی تعمیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا۔

سعودی عرب اے ایف سی کپ، ایشین ونٹر گیمز اور ورلڈ ایکسپو 2030 کی میزبانی کرے گا۔ فوٹو گیٹی امیجز

بنگلہ دیشی مزدور محنتی، ذہین اور قابل اعتماد ہیں اور تعمیراتی شعبے میں ان کے پاس ہنر مندوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔ ہم انہیں کام کے شاندار مواقع فراہم کرتے ہوئے خوش آمدید کہیں گے۔  
سعودی عرب میں اس وقت تقریباً 30 لاکھ بنگلہ دیشی شہری مقیم ہیں جو مملکت میں تارکین وطن کی وسیع تعداد ہے اور بنگہ ادیش سے باہر سب سے بڑی کمیونٹی ہے۔
بنگلہ دیشی تارکین کی کثیر تعداد تعمیراتی شعبے سے منسلک ہے اور آئندہ چند برسوں میں مزید ہزاروں کارکنوں کو اس شعبے میں ملازمتیں ملنے کی امید ہے۔

بنگلہ دیشی مزدوروں کو قطر ورلڈ کپ میں مختلف شعبوں میں کام کا تجربہ ہے۔ فوٹو فوٹو گیٹی امیجز

فیفا ورلڈ کپ 2034 سے قبل سعودی عرب اے ایف سی ایشین کپ 2027، ایشین ونٹر گیمز2029 اور ورلڈ ایکسپو 2030 کی بھی میزبانی کرے گی جس کے باعث تعمیراتی شعبے میں ملازمتوں کی طلب میں اضافہ لازمی ہے۔
سعودی سفیر عیسیٰ الدحیلان نے مزید کہا ہے ’ تعمیراتی شعبے  کو وسعت دینے کی تیاریاں کر چکے ہیں اور مزدوروں کی زبردست مانگ کی وجہ سے روزانہ 5000 سے 7000 ویزے جاری کئے جا رہے ہیں۔
 

 

شیئر: