گھریلو ملازمہ کا ملٹی پل خروج وعودہ لگایا جا سکتا ہے؟
گھریلو ملازمہ کا ملٹی پل خروج وعودہ لگایا جا سکتا ہے؟
جمعرات 9 مارچ 2023 0:10
گھریلو ملازمہ کے اپنے کفیل کے ہمراہ سفر کرنے پر ویزا لگ سکتا ہے( فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن جو وزارت داخلہ کا ذیلی ادارہ ہے قوانین کے مطابق مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کے اقامے، خروج وعودہ اور خروج نہائی کے اجرا کا ذمہ دار ہے۔
مملکت میں رہائش پذیرغیرملکی افراد جب مستقل بنیاد پر اپنے ملک جاتے ہیں تو انہیں فائنل ایگزٹ جسے عربی میں خروج نہائی کہا جاتا ہے حاصل کرنا ضروری ہوتا ہے جبکہ چھٹی پر جانے کے لیے خروج و عودہ لینا ہوتا ہے۔
سائق خاص کے اقامہ پرمقیم ایک شخص نے دریافت کیا ’کفیل کے ذمہ ٹریفک خلاف ورزیاں ریکارڈ ہیں، اس کا کہنا ہے کہ ٹریفک چالان کی وجہ سے’میرا‘ اقامہ تجدید نہیں کیاجاسکتا حالانکہ چالان میرے ذمہ نہیں ہیں، کیا یہ درست ہے؟‘۔
اس حوالے سے جوازات کا کہنا تھا کہ’ جس شخص کے ذمہ ٹریفک چالان ہوں اس کا اقامہ تجدید نہیں کیاجاسکتا۔ اقامہ کی تجدید کےلیے لازمی ہے کہ غیرملکی کے ڈرائیونگ لائسنس یا اقامہ نمبرپرکسی قسم کا چالان رجسٹرنہ ہو۔
کفیل کے ذمہ کسی قسم کی خلاف ورزی کا اطلاق غیرملکی کے اقامہ پرنہیں ہوتا۔ یہ درست نہیں کہ کفیل کے خلاف چالان ہونے کی صورت میں کارکن کا اقامہ تجدید نہ ہو‘۔
واضح رہے سعودی عرب میں اقامہ قوانین کے مطابق اگرکسی غیرملکی کے ذمہ ٹریفک خلاف ورزی یا کسی اورنوعیت کا جرمانہ رجسٹرہوتو اس صورت میں اس کا اقامہ اس وقت تک تجدید نہیں کیاجاسکتا جب تک چالان ادا نہ کردیاجائے۔
کفیل کے ذمہ چالان سے کارکن کا کوئی تعلق نہیں کیونکہ کفیل کے ذمہ ٹریفک چالان سے کارکن کا کوئی تعلق نہیں البتہ اگرکارکن کے ذمہ کسی قسم کا کوئی چالان یا دیگرخلاف ورزی ہوتو اس صورت میں اقامہ اس وقت تک تجدید نہیں ہوسکتا جب تک اس چالان کی ادائیگی نہ کی جائے۔
گھریلوملازمہ کے ویزے پرمقیم غیرملکی کے حوالے سے ایک شخص نے دریافت کیا ’گھریلوملازمہ کا ملٹی پل خروج وعودہ لگایاجاسکتاہے‘؟۔
سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھاکہ ’غیرملکی گھریلوخادمہ کےلیے متعدد بار استعمال کےلیے خروج وعودہ ویزا اس صورت میں لگایا جاسکتا ہے کہ جب خادمہ بھی اپنے کفیل کے ہمراہ سفرکررہی ہو۔
واضح رہے جوازات کے قانون کے تحت مملکت میں مقیم غیرملکیوں کے مملکت سے چھٹی پرجانے کے لیے ایگزٹ ری انٹری ویزا لگایا جاتا ہے جسے عربی میں خروج وعودہ کہا جاتا ہے۔
خروج وعودہ یا ایگزٹ ری انٹری دوطرح کے ہوتے ہیں ایک سنگل انٹری ویزا جبکہ دوسرا ملٹی انٹری ویزہ۔ سنگل انٹری خروج وعودہ ایک ہی بار استعمال کیاجاتا ہے جبکہ ملٹی انٹری ویزہ حاصل کرنے والے متعدد بار مملکت میں آ اورجاسکتےہیں۔