مشرق وسطیٰ سے آنے والوں کے لیے سری لنکا میں سیاحتی دلچسپی
مشرق وسطیٰ سے آنے والوں کے لیے سری لنکا میں سیاحتی دلچسپی
جمعرات 9 مارچ 2023 22:08
عرب خطے سے آنے والوں کا اعتماد بحال کرنا بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔ فوٹو ٹوراوپیا
سری لنکا میں سیاحت کی انڈسٹری مشرق وسطیٰ کے ممالک سے آنے والوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کر کے بحران سے متاثرہ ملک میں مہمان نوازی کے شعبے کو بحال کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔
عرب نیوز کے مطابق سری لنکن حکام اور سیاحت کے شعبہ کو فروغ دینے سے وابستہ افراد نے جمعرات کو بتایا ہے کہ اس تناظر میں خصوصی اقدامات پہلے ہی جاری ہیں۔
سیاحت روایتی طور پر سری لنکا کےغیر ملکی ذخائر کے اہم ذرائع میں سے ایک رہی ہے اور 2018 میں اس صنعت کے ذریعے سری لنکا نے 4.4 بلین ڈالر کمائے لیکن 2020 میں یہ آمدن صرف 0.8 فیصد رہ گئی۔
حالیہ جاری کئے گئے اعداد و شمار کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دنیا بھر میں پھیلنے والی کورونا وبا کے باعث عالمی سفر رک گیا تھا جس کے باعث سری لنکا کی سیاحت کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔
عالمی وبائی مرض کے بعد سری لنکا نے 2022 کو 'سری لنکا کے دورے کا سال' قرار دیا تھا تاکہ عام طور پر سیاحت کی صنعت کو ترجیح دی جا سکے لیکن اس کے ساتھ ہی یہ ملک تاریخ کے بدترین معاشی بحران میں ڈوب گیا۔
واضح رہے کہ سری لنکا نے سیاحت سے متعلق اپنی حکمت عملیوں کو دوبارہ ترتیب دینا شروع کر دیا ہے اور مشرق وسطیٰ میں ممکنہ طور پر خلیج تعاون کونسل کے ممالک اور خاص طور پر سعودی عرب سے امیدیں وابستہ کئے ہوئے ہے۔
سری لنکا ٹورازم پروموشن بیورو کی مارکیٹنگ ڈائریکٹر مدوبھانی پریرا کا کہنا ہے کہ سری لنکا کی سیاحت میں عرب ممالک کے سیاحوں کا انتہائی اہم کردار ہے۔
مدوبھانی کا کہنا ہے کہ عرب خطے سے آنے والوں کا اعتماد بحال کرنا ہمارے لئے بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے تاکہ ہمارے مہمان سری لنکا میں ثقافتی طور پر آرام دہ محسوس کریں۔
دریں اثنا سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں سعودی عرب کے سفیر خالد حمود ناصر الدسان القحطانی نے بھی عرب زائرین کے لئے سری لنکا کی خدمات و صلاحیتوں کو سراہا ہے۔
سعودی سفیر نے کہا ہے کہ سری لنکا مملکت سے آنے والے سیاحوں کے لیے مثالی مقام ہے تاہم اس علاقے کو مزید پرکشش بنانے کے لیے یہاں عرب دوست ماحول ہونا چاہیے۔
ٹریول آپریٹر اور انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے سری لنکا چیپٹر کے سابق صدر ایم ریزمی ریال نے کہا ہے کہ سری لنکا کی اہم جغرافیائی حیثیت میں سے ایک یہ ہے کہ یہ ملک اپنے محل و وقوع کے باعث سیاحوں کو راغب کرنے کے لیے انتہائی خوبصورتی سمیٹے ہوئے ہے۔
سری لنکا ایسا ملک ہے جو مشرق وسطی کے قریب واقع ہونے سے آسانی سے قابل رسائی ہے اور تمام علاقے سے بہت سی براہ راست پروازیں ہیں۔
سری لنکا مشرق وسطی کے سیاحوں کو راغب کرنے کا بہترین مقام ہے۔ ہم توقع کر رہے ہیں کہ عرب سیاح چار سال کے وقفے کے بعد اس سال سری لنکا کا دورہ کریں گے۔