سعودی عرب کے عسیر ریجن میں چٹانیں گرنے کے باعث حفاظتی تدبیر کے طور پر ’ضلع‘ درہ بند کردیا گیا۔
عاجل ویب کے مطابق وزارت نقل وحمل کے ماتحت سروس ٹیموں نے عسیر ریجن کے متعلقہ ادردوں کے تعاون سے سڑک سے چٹانوں کو ہٹانے کا کام شروع کردیا ہے۔ درے کو کھولنے کے لیے راستہ صاف کیا جا رہا ہے۔
اتوار کی صبح سے علاقے میں مسلسل بارش اور سیلاب کی صورتحال کے باعث چٹانوں کے گرنے سے گاڑیوں کی آمد ورفت معطل ہے۔
مقامی حکام نے مسافروں کی سلامتی کے پیش نظر درہ بند کردیا۔ آمد ورفت کے لیے متبادل راستہ کھولا گیا ہے۔
علاوہ ازیں محکمہ شہری دفاع نے سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے اپیل کی ہے کہ سیلاب کے دوران پر خطر مقامات سے دور رہیں۔