’منشیات کی لعنت مشترکہ چیلنج‘، محسن نقوی کا سعودی اینٹی نارکوٹکس ہیڈکوارٹر کا دورہ
ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس کے حکام نے وزیر داخلہ محسن نقوی کا استقبال کیا۔ (فوٹو: سکرین گریب)
پاکستان کے وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی نے ریاض میں سعودی عرب کے محکمہ اینٹی نارکوٹکس کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا۔
پیر کو کو وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس میجر جنرل محمد ال قرنی نے ان کا استقبال کیا۔
اس موقع پر انسداد منشیات کے حوالے سے باہمی تعاون بڑھانے پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور دو طرقہ معاونت کے تحت مزید مؤثر اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔
ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس میجر جنرل محمد ال قرنی نے منشیات کا سراغ لگانے کے لیے پاکسان کو جدید ترین آلات کے حوالے سے تعاون کی پیشکش بھی کی۔
محسن نقوی اینٹی نارکوٹس ہیڈکوارٹر کے کنٹرول روم میں بھی گئے اور دیگر شعبے بھی دیکھے۔ ان کو انسداد منشیات کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈائریکٹر جنرل سعودی اینٹی نارکوٹکس کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ’منشیات کی لعنت سے کوئی ملک تنہا نہیں لڑ سکتا اور یہ عالمی سطح پر ایک مشترکہ چیلنج بن چکا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اینٹی نارکوٹکس کے حوالے سے تعاون جاری رکھے گا۔
ان کے مطابق ’نئی نسل کو نشے سے محفوظ ماحول دینے کے لیے بین الاقوامی سطح پر جامع اقدامات کی ضرورت ہے۔‘
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ سعودی اینٹی نارکوٹکس پاکستان کے ادارے اے این ایف کے ساتھ رابطے میں ہے اور اے این ایف کے ساتھ مستقل بنیادوں پر معلومات کا تبادلہ ہوتا ہے۔
بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ سعودی عرب کی انفارمیشن پر حال ہی میں پاکستان سے منشیات کے دو ملزم گرفتار کیے گئے تھے۔