جدہ، طائف اور مدینہ میں سیاحت کو فروغ دینے کےلیے معاہدہ
سعودی فرم النھلہ گروپ اور ٹورازم ڈویلمپنٹ فنڈ نے معاہدے پر دستخط کیے ہیں( فوٹو: عرب نیوز)
سعودی فرم النھلہ گروپ اور ٹورازم ڈویلمپنٹ فنڈ کے درمیان نئے معاہدے کے بعد جدہ، طائف اور مدینہ میں سیاحت کو فروغ حاصل ہو گا۔
عرب نیوز کے مطابق فریقوں نے اس شعبے میں ترقی کے لیے ورکشاپس کے قیام کے ساتھ ساتھ جدہ میں گولڈن ٹرائینگل اور مدینہ منورہ میں ایک پروجیکٹ سمیت متعدد منصوبوں پر مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔
معاہدے کا مقصد سعودی عرب کی قومی سیاحت کی حکمت عملی کے اہداف کو حاصل کرنے میں مدد کرنا ہے جس کے مطابق مجموعی گھریلو پیداوار میں اس شعبے کی شراکت کو 10 فیصد سے زیادہ بڑھانا، 10 لاکھ اضافی روزگار کے مواقع فراہم کرنا اور 2030 تک 100 ملین سالانہ وزیٹرز کو مملکت کا دورہ کرنےکے لیے راغب کرنا شامل ہے۔
مملکت میں ٹورازم ڈویلپمنٹ فنڈ کے سی ای او قصی الفاخری نے کہا کہ ’ النحلہ گروپ کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کے لیے فنڈ کی خواہش کو ظاہر کرتا ہے کہ وہ سیاحتی مقامات پر سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کر کے مستقبل میں معاونت کر سکے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ فنڈ کا مقصد سیاحت کے شعبے میں مسابقت کو بڑھانا ہے تاکہ پائیداری اور ترقی حاصل کی جا سکے۔
معاہدے پر دستخط ریاض میں منعقدہ سعودی ٹورازم فورم میں ٹورازم ڈویلپمنٹ فنڈ کے سربراہ ھدان القاضی اور النھلہ گروپ کے سی ای او سلطان الترکی نے کیے۔
سلطان الترکی نے کہا کہ ’ ہمیں النھلہ گروپ میں ٹورازم ڈویلپمنٹ فنڈ کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے پر خوشی ہے جو مملکت میں سرمایہ کاری اور سیاحتی منصوبوں کو تیار کرنے کی ہماری مستقبل کی حکمت عملی کے مطابق ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ کمپنی کا مقصد مملکت کی ترقی اور وژن 2030 کے مطابق ہوٹلوں کے معیار کو بڑھانے میں تعاون کرنا ہے‘۔
سعودی ٹورازم ڈویلپمنٹ فورم کا انعقاد 14 سے 16 مارچ تک ریاض انٹرنیشنل کنونشن اینڈ ایگزیبیشن سینٹر میں کیا گیا جس میں توسیعی منصوبوں پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے اس شعبے سے 350 اداروں کو اکٹھا کیا گیا ہے۔
اس فورم میں تکنیکی اور ماحولیاتی سلوشنز بھی پیش کیے گئے ہیں جن کا مقصد مستقبل میں ٹریول انڈسٹری کو تبدیل کرنا ہے۔