Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کپل شرما کی پہلی تنخواہ کتنی تھی؟

کپل شرما نے انکشاف کیا کہ وہ ایک پی سی او میں نوکری کرتے تھے (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کے معروف کامیڈین اور اداکار کپل شرما نے اپنی پہلی تنخواہ کے بارے میں راز کھول دیا۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق کپل شرما نے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کرتے ہوئے اپنی پہلی تنخواہ کے بارے بات کی اور یہ بھی کہا کہ اُنہوں نے اس وجہ سے پیسے کمانا شروع کیے کیونکہ وہ گھر والوں سے پیسے مانگنا نہیں چاہتے تھے۔
کپل شرما جو اب انڈیا کے امیر کامیڈین ہیں وہ ایک وقت میں انڈین پنجاب کے شہر امرتسر میں معمولی نوکری کرتے ہوئے اپنا جیب خرچ پورا کرتے تھے۔
انہوں ںے انکشاف کیا کہ وہ ایک پی سی او میں نوکری کرتے تھے جہاں ان کی تنخواہ 500 روپے ہوتی تھی۔
’کرلی ٹیلز‘ سے بات کرتے ہوئے کپل شرما نے بتایا کہ انہوں نے بہت چھوٹی عمر سے پی سی او بُوتھ میں نوکری کرنا شروع کر دی تھی جس سے وہ 500 روپے کماتے تھے۔ وہ پی سی او پر پارٹ ٹائم نوکری کرتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ’میں تب کم گھٹنے کام کرتا تھا۔ میں رات کو 10 بجے سے ایک بجے تک اور پھر صبح چار بجے سے سات بجے تک کام کرتا تھا۔‘
اس کے بعد انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ وہ 14 سال کی عمر میں ایک مِل میں کام کرنے لگ گئے جہاں اُن کی تنخواہ 900 روپے تھی۔
گزرے وقتوں کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’میں نے کئی چھوٹی موٹی ملازمتیں کی ہیں۔ جیسے میں نے میٹرک کے امتحانات دینے کے بعد گارمنٹس کی مِل میں نوکری کرنا شروع کر دی۔ وہاں اتنی گرمی ہوتی تھی کہ دوسرے شہروں سے آنے والے مزدور اپنے گاؤں واپس چلے جاتے تھے۔‘
’ہم تب 14 سال کے بچے ہی تھے اور ہمیں لگا کہ ہم 900 روپے ماہانہ کما لیں گے۔ یہ 1994 کی بات ہے۔ اس سلسلے میں گھر سے کوئی دباؤ نہیں تھا کہ آپ نے پیسے کمانا ہیں، ہم اس پیسے سے صرف اپنی ذاتی ضروریات پوری کرتے تھے۔ کوئی میوزک سسٹم لے لیا یا والدہ کے لیے تحفہ لے لیا۔ بہت اچھا لگتا تھا۔‘
کامیڈین نے یہ بھی کہا کہ ’گھر سے پیسے مانگتے وقت شرم آتی تھی جس کی وجہ سے چھوٹی عمر میں ہی کام کرنا شروع کر دیا۔‘
دوسری جانب کپل شرما کی نئی فلم ’زویگاٹو‘ جمعے کے روز سنیما گھروں میں ریلیز کر دی گئی ہے۔
اس فلم کا نام انڈیا کی فوڈ ڈیلیوری کمپنیوں ’زوماٹو‘ اور ’سِوگی‘ کو ملا کر رکھا گیا ہے۔
زویگاٹو میں کپل شرما ایک ڈلیوری بوائے کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس فلم کا مقصد ڈلیوری بوائز کی زندگی میں آنے والی مشکلات اور اُن کے حالات کو اُجاگر کرنا ہے۔

شیئر: