دوسرے ون ڈے میں آسٹریلیا کے ہاتھوں انڈیا کو شکست
آسٹریلیا کی طرف مچل سٹارک نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ (فوٹو: مچل سٹارک)
انڈیا اور آسٹریلیا کے درمیان جاری تین ون ڈے میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں میزبان ٹیم کو بری طرح شکست کا سامنا کرنا پڑ گیا ہے۔
اتوار کے روز وشاکاپٹنم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے انڈیا کو 10 وکٹوں سے ہرا دیا۔
انڈٰیا کی جانب سے دیے گئے 118 رنز کے ہدف کو مہمان ٹیم نے صرف 11 اوورز میں ہی پورا کر لیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے مچل مارش نے 66 جب کہ ٹریوس ہیڈ نے 51 رنز بنائے۔
کم ہدف کے دفاع میں انڈین بولرز بے بسی کی تصویر بنے رہے اور کوئی بولر ایک وکٹ بھی نہ حاصل کر سکا۔
اس سے قبل آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جو کہ وشاکاپٹنم کی وکٹ پر درست ثابت ہوا۔
آسٹریلوی بولرز کے آگے انڈین بیٹنگ لائن اپ خزاں کے پتوں کی مانند بکھر گئی اور پوری ٹیم 26 اوورز میں ہی 117 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
یہ انڈیا کا ون ڈے کرکٹ میں چوتھا کم ترین سکور ہے۔
انڈیا کی جانب سے وراٹ کوہلی سب سے زیادہ 31 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ اکشر پٹیل 29 اور رویندرا جڈیجہ 16 رنز بنا سکے۔
آسٹریلیا کی طرف مچل سٹارک نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ شان ایبٹ نے تین اور نیتھن ایلس نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
یہ انڈیا کی گیندوں کے حساب سے ون ڈے کرکٹ کی سب سے بڑی ہار ہے کیونکہ آسٹریلیا نے ہدف 234 گیندیں یعنی 39 اوورز پہلے ہی حاصل کر لیا ہے۔
خیال رہے دونوں ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے میچز کی سیریز 1-1 سے برابر ہے۔ سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن میچ 22 مارچ کو چنئی میں کھیلا جائے گا۔