Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لاہور قلندرز کی ٹیم 76 رنز پر ڈھیر ہوگئی، ملتان سلطانز فائنل میں

حارث رؤف نے 4 اوورز میں 34 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن کے پلے آف مرحلے کے کوالیفائر میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 84 رنز سے ہرا دیا۔
ملتان سلطانز کی جانب سے دیے گئے 161 رنز کے ہدف کے جواب میں لاہور قلندرز کی پوری ٹیم 14.3 اوورز میں صرف 76 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
لاہور قلندرز کی بیٹنگ کی بات کی جائے تو تمام بیٹرز کی کارکردگی نہایت مایوس کن رہی۔
دفاعی چیمپیئن کی طرف سے بیٹنگ کرتے ہوئے سیم بلنگز 19، حارث رؤف 15 اور ڈیوڈ ویزے 13 رنز بنا سکے۔
ان تینوں کے علاوہ کوئی بیٹر ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکا۔
ملتان سلطانز کی جانب سے بولنگ کرتے ہوئے شیلڈن کوٹرل نے تین، اُسامہ میر نے دو جبکہ انور علی، عباس آفریدی، احسان اللہ اور کیرون پولارڈ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن کے پلے آف مرحلے کے کوالیفائر میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو جیتنے کے لیے 161 رنز کا ہدف دیا تھا۔
بدھ کے روز قذافی سٹیڈیم لاہور میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے تھے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے بیٹنگ کرتے ہوئے کیرون پولارڈ نے 55، کپتان محمد رضوان نے 33 اور عثمان خان نے 29 رنز بنائے۔
دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز کی طرف سے بولنگ کرتے ہوئے حارث رؤف نے تین، زمان خان اور راشد خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس میچ کے بعد ملتان سلطانز نے فائنل میں جگہ بنا لی جبکہ لاہور قلندرز کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے میچ کی فاتح ٹیم کے خلاف دوسرا ایلیمینٹر 17 مارچ کو کھیلے گی۔

شیئر: