Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہربجھن سنگھ کا سری سانتھ کو تھپڑ، ’بجھی پاجی نے ہمیشہ مجھے سپورٹ کیا‘

سری سانتھ کو تھپڑ مارنے کے واقعے کے بعد ہربجھن سنگھ کو ٹورنامنٹ کے بقیہ میچز سے معطل کر دیا گیا تھا۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
 انڈیا کے سابق فاسٹ بولر سری سانتھ اور آف سپنر ہربجھن سنگھ کے درمیان انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے پہلے ایڈیشن میں ہونے والے تھپڑ کے واقعے نے کرکٹ کمیونٹی سمیت دنیا بھر کے میڈیا کو ہِلا کر رکھ دیا تھا۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق اسی سلسلے میں سری سانتھ نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ہمیشہ سے ہربجھن سنگھ کے دوست رہے ہیں اور وہ ممنون ہیں کہ سابق آف سپنر نے انہیں ڈومیسٹک کرکٹ کے وقت سے ہی سپورٹ کیا۔
اپنے انٹرویو میں سری سانتھ کہتے ہیں کہ ’ہم ہمیشہ سے ہی دوست رہے ہیں۔ وہ بس ایک غلط فہمی تھی اور میڈیا نے اس سے خوب فائدہ اٹھایا۔ میں صرف یہ کہوں گا کہ بجھی پاجی نے مجھے آغاز سے ہی ہر طرح سے سپورٹ کیا بلکہ حالیہ دنوں میں کمنٹری کرنے کے بھی مشورے دیے۔‘
انہوں نے مجھے سپورٹ کیا اور میری بہت مدد کی جس پر میں اُن کا ممنون ہوں۔ وہ گانا ہے نا، ’تیرے جیسا یار کہاں‘ میرا اُن سے وہ رشتہ ہے۔‘
اس ناخوشگوار واقعے پر گزشتہ سال ہربجھن سنگھ نے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’اس دن جو بھی ہوا تھا، وہ غلط تھا۔ میں نے غلطی کی تھی۔ میری وجہ سے میرے ساتھیوں کو بھی شرمندگی اٹھانا پڑی۔ میں شرمندہ تھا۔ اگر مجھے کوئی ایک غلطی ٹھیک کرنا پڑتی وہ یہ ہوتا کہ میں نے سری سانتھ کے ساتھ فیلڈ پر کیسے برتاؤ کیا تھا۔ وہ نہیں ہونا چاہیے تھا۔ جب میں اس کے بارے میں سوچتا ہوں تو مجھے لگتا ہے کہ وہ نہیں ہونا چاہیے تھا۔‘
 2008 میں کھیلے گئے آئی پی ایل کے پہلے ایڈیشن میں ہربجھن سنگھ ممبئی انڈینز کے کپتان تھے جبکہ سری سانتھ نے کنگز الیون پنجاب کی نمائندگی کی تھی۔
خیال رہے دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والے گروپ میچ کے بعد ہربجھن سنگھ نے سری سانتھ کو تھپڑ مار دیا تھا جس کے بعد انہیں ٹی وی پر براہ راست پھوٹ پھوٹ کر روتے دیکھا گیا تھا۔
اس واقعے کے بعد ہربجھن سنگھ کو ٹورنامنٹ کے بقیہ میچز سے معطل کر دیا گیا تھا۔

شیئر: