Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پیشگی وقت حاصل نہ کرنےوالے تارکین براہ راست ڈیپوٹیشن سینٹر سے رجو ع کریں، کرنل شلہوب

 
 
 مشکلات کی شکایت درج کر وائیں ، 30 رمضان سے قبل واپسی یقینی بنائی جائے، غیر قانونی تارکین کو قیام اور سفر کی سہولت فراہم نہ کی جائے ، ترجمان جوازات کی اردو نیوز سے گفتگو
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) ڈائریکٹریٹ جنرل جوازات کے ترجمان کرنل طلال شلہوب نے کہا ہے کہ ایسے غیر قانونی تارکین جو ادارے کی ویب سائٹ پر پیشگی وقت حاصل نہیں کر سکتے وہ مہلت سے فائدہ اٹھانے کےلئے براہ راست اپنے شہر کے ڈیپوٹیشن سینٹر سے رجوع کریں ۔ اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کرنل شلہوب نے مزید کہا کہ مملکت میں مقیم غیر قانونی تارکین کو دی جانے والی مہلت کے ختم ہونے میں 43 دن ہی رہ گئے ہیں اس لئے تارکین وطن اپنے ملک جانے کےلئے مہلت سے فائدہ اٹھائیں ۔ محکمہ پاسپورٹ (جوازات) کی جانب سے فائنل ایگزٹ " خروج نہائی " لگانے کے عمل کو مزید بہتر کرتے ہوئے مملکت میں کام کرنے والے ڈیپوٹیشن سینٹر (ترحیل) کے تمام ریجنل اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ادارے سے رجوع کرنے والے غیر قانونی تارکین وطن کے معاملات کو جلد از جلد مکمل کریں تاکہ وہ اپنے ملکوں کو بروقت روانہ ہوسکیں ۔ ایک سوال کے جواب میں کرنل شلہوب نے کہا کہ اگر ادارے سے رجوع کرنے والوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو وہ ادارے کے شکایات سیل سے رجو ع کر سکتے ہیں یا ای میل پر اپنی شکایات ارسال کریں جن کا فوری تدارک کیا جائیگا ۔ترجمان جوازت کا کہنا تھا کہ ڈائریکٹریٹ جنرل کی جانب سے اس امر کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے کہ کسی بھی تارک وطن کو کسی طرح کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ مرکزی ادارے کی جانب سے شکایتی سیل کی مسلسل نگرانی کرتے ہوئے مسائل کو فوری حل کیا جاتا ہے ۔ کرنل شلہوب کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے غیر قانونی تارکین کو وطن جانے کےلئے 90 روزہ مہلت 30 رمضان المبارک کو ختم ہو جائے گی جس کے بعد تفتیشی مہم کا آغاز ہو گا اس لئے اس امر کو یقینی بنائیں کہ وقت مقررہ پر اپنے ملکو ںکو روانہ ہوجائیں تاکہ مہلت میں اعلان کی جانے والی مراعات حاصل کر سکیں۔ گرفتاری کی صورت میں غیر قانونی تارک وطن کسی قسم کی مراعات کا حقدار نہیں ہوگا اور اسے جرمانوں اور سزاﺅں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ترجمان جوازات نے مزید بتایا کہ مہلت کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے تفتیشی مہم بھی جاری ہے اس دوران ایسے افراد کوبھی گرفتار کیا گیا ہے جنہوںنے مہلت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فائنل ایگزٹ تو حاصل کر لیا مگر اپنے ملک روانہ ہونے کے بجائے کام کررہے تھے جو قانون شکنی ہے ۔ ایسے افراد کے خلاف سخت قانونی چارہ جوئی کی جارہی ہے اور انہیں مہلت کے دوران اعلان کی جانے والی مراعات حاصل نہیں ہو نگی ۔ گرفتار ہونے والے افراد مملکت میں بلیک لسٹ کر دیئے جائیں گے جومقررہ مدت کے دوران کسی بھی ویزے پر مملکت نہیں آسکتے ۔ 
 

شیئر: