برطانیہ: مسجد سے نکلنے والے شہری کو جلانے کے واقعے کی تحقیقات
برمنگھم کے علاقے ایجباسٹن میں پیر کو سات بجے کے بعد ایک شخص کو گرفتار کیا گیا (فوٹو: اے ایف پی)
برطانوی پولیس نے کہا ہے کہ انسداد دہشت گردی پولیس اقدام قتل کے کیس کی تفتیش کر رہی ہے جس میں مسجد سے نکلنے والے ایک کو شخص کو آگ لگا دی گئی تھی۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اس حملے کے بعد برمنگھم کے علاقے ایجباسٹن میں پیر کو سات بجے کے بعد ایک شخص کو گرفتار کیا گیا۔
اس سے قبل 27 فروری کی شام کو مغربی لندن میں ایلنگ کے علاقے میں ایک 82 سالہ شخص کو مسجد کے باہر آگ لگا دی گئی تھی۔
برمنگھم پولیس کا کہنا ہے کہ وہ پہلے حملے کے بارے میں آگاہ تھی۔ ترجمان نے کہا کہ ’ہم میٹرو پولیٹن پولیس کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں اور جائزہ لے رہے ہیں کہ ان واقعات کا آپس میں کوئی تعلق ہے۔‘
ویسٹ مڈ لینڈ پولیس چیف رچرڈ نارتھ نے کہا کہ انسداد دہشت گردی پولیس تفتیش میں مدد کر رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ’ان کے پاس حالات کا جائزہ لینے کی خصوصی مہارت تک رسائی تھی۔‘
خیال کیا جا رہا ہے کہ تازہ حملے میں یہ شخص قریبی مسجد سے گھر جا رہا تھا کہ اس پر نامعلوم مواد سے سپرے کیا گیا جس کے بعد اس کی جیکٹ کو آگ لگ گئی۔
اس کا چہرہ جل گیا جس کے بعد اسے ہسپتال پہنچایا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔