Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انتخابات میں التوا: تحریکِ انصاف کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان

فواد چوہدری کے کہا کہ ’الیکشن کمیشن کا فیصلہ سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی ہے‘ (فوٹو: سکرین گریب)
پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب میں انتخابات مؤخر کرنے کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔
تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل اسد عمر نے جمعرات کو لاہور میں فواد چوہدری کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’آئین کو توڑنے کا جو اقدام کیا گیا ہے اس کے خلاف سپریم  کورٹ جائیں گے۔‘
پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل نے مزید کہا کہ ’اس حوالے سے علی ظفر پٹیشن تیار کر رہے ہیں، جمعے کو سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کر دی جائے گی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’پارلیمنٹ میں حکومت کی جانب سے الیکشن ملتوی کرنے کی خواہش کا اظہار کیا گیا، حسن اتفاق دیکھیے چند گھنٹے بعد الیکشن کمیشن کا فیصلہ آگیا۔‘
’حکومت نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس سپریم کورٹ پر حملے کے لیے بلایا ہے۔ پی ٹی آئی کے سینیٹرز پیر کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔‘
اس موقعے پر فواد چوہدری نے کہا کہ ’پوری قوم سپریم کورٹ اور چیف جسٹس کے ساتھ کھڑی ہے۔ گورنر خیبر پختونخوا کے خلاف سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کریں گے۔‘
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ’صدر کی جانب سے الیکشن کی تاریخ کا اعلان کیا جا چکا ہے۔ الیکشن کمیشن اس میں ردوبدل نہیں کر سکتا۔ الیکشن کمیشن کا فیصلہ سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ملک کی 96 بار ایسوسی ایشنز نے الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب اسمبلی کے الیکشن ملتوی کرنے کے فیصلے کو مسترد کیا ہے۔‘

شیئر: