Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مجھے مرتضیٰ بھٹو کی طرح قتل کرنے کا پلان ہے: عمران خان

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے جوڈیشل کمپلیکس میں حاضری کے وقت ’انہوں نے مجھے مرتضیٰ بھٹو کی طرح قتل کرنا تھا اور کہنا تھا کہ تصادم میں مارا گیا۔ ان کا یہ پلان تھا۔‘
لاہور میں اپنی رہائش گاہ زمان پارک سے لائیو خطاب میں عمران خان نے کہا کہ ’مجھے پلان پتا چلا ہے کہ شاید آج شام کو یہ آپریشن کریں۔ آئی جی پنجاب، آئی جی اسلام آباد اور پیچھے ان کے ہینڈلرز زمان پارک میں آپریشن کا پلان بنایا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ’انہوں نے دو سکواڈز بنائے ہیں۔ ہمارے لوگوں کے اندر رہ کر چار پانچ پولیس والوں کو قتل کرنا ہے اور پھر حملہ کرنا ہے۔ فائرنگ کریں گے۔ ہمارے لوگوں کو ماریں گے اور پھر کرتے کرتے میرے گھر تک پہنچیں گے اور پھر مرتضیٰ بھٹو کی طرح مجھے قتل کریں گے۔
انہوں نے اس پلان پر آج یا کل عمل کرنا ہے۔ میں سب کو بتا رہا ہوں۔ پنجاب پولیس کو بتانا چاہتا ہوں کہ یہ آپ کے پانچ لوگ قتل کریں گے۔‘
عمران خان نے کہا کہ ’مجھے پتا چلا ہے مجھ پر جوڈیشل کمپلیکس میں عدالت میں نہ پہنچنے پر توہین عدالت کا کیس ہو رہا ہے۔ مجھے راستے میں جگہ جگہ روکا گیا اور یہ چاہتے تھے میں اکیلا عدالت پہنچوں۔ لوگ خود نکل کر آ گئے۔ پولیس کی نفری بڑھتی گئی۔ ہمیں اشتعال دلانے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی۔‘
تحریک انصاف کے چیئرمیں عمران خان نے کہا ہے کہ ’قومی اسمبلی کے اجلاس میں وہی کوشش ہو گی اس ملک میں پہلے 1971 میں ہوئی۔ ایک اقلیت یہ فیصلہ کرے گی کہ کسی طرح اکثریت کو ریس سے باہر کرے۔
ان کی کوشش ہو گی کہ کسی طرح تحریک انصاف کو الیکشن نہ لڑنے دیا جائے یا انہیں باہر کیا جائے الیکشن سے۔
دریں اثنا تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری اسد عمر نے کہا کہ ’آج ملک کی ایک چھوٹی اقلیت کی نمائندگی کرنے والے پارلیمان میں ملک کی بھاری اکثریت کے بارے میں فتوے جاری کیے جائیں گے۔ اکثریت کی رائے کو طاقت سے دبانے کی کوشش سے ملکی سلامتی کو خطرے میں ڈالا جا رہا ہے۔‘

شیئر: