ابشر کے ذریعے ناکارہ گاڑیوں کو ریکارڈ سے کیسے خارج کرایا جائے؟
مہلت میں مزید ایک سال کی توسیع یکم مارچ سے شروع ہوچکی ہے(فوٹو: اخبار 24)
سعودی عرب میں ’ابشر‘ کے ذریعے تباہ شدہ اور ناکارہ گاڑیوں کو ریکارڈ سے خارج کرایا جاسکتا ہے۔
یاد رہے کہ مقامی شہری اور مقیم غیرملکی مہلت کے دوران کسی جرمانے کے بغیر ناکارہ گاڑی اپنے ریکارڈ سے ہٹوا سکتے ہیں۔
حکومت نے پہلے ایک برس تک کی مہلت دی تھی جس کے ختم ہونے پر مزید ایک سال کی توسیع کابینہ کی جانب سے کی گئی ہے جس کا نفاذ یکم مارچ 2023 سے شروع ہوچکا ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق ابشر پلیٹ فارم نے وضاحتی بیان میں کہا کہ ریکارڈ سے گاڑی خارج کرانے کی کارروائی آن لائن کرائی جاسکتی ہے۔ محکمہ ٹریفک کے دفتر آنا ضروری نہیں ہے۔
ابشرکے ذریعے کارروائی کی صورت میں مطلوبہ گاڑی فوری طور پر خارج ہوجاتی ہے۔ مہلت کے دوران مطلوبہ جرمانے نہیں لیے جائیں گے۔
ابشر پلیٹ فارم کا کہنا کہ محکمہ ٹریفک کے تعاون سے ہر طرح کی گاڑیوں کو ریکارڈ سے خارج کرایا جاسکتا ہے۔ ان میں پرائیویٹ گاڑی، پبلک ٹرانسپورٹ بس، چھوٹی بڑی بس، ٹیکسی، موٹر سائیکل وغیرہ شامل ہیں۔