80 برس قبل جب طائف میں صرف ایک بیکری تھی
طائف کے شہری اور غیر ملکی آج بھی الدفاع بیکری کا رخ کرتے ہیں (فوٹو: عاجل)
سعودی عرب کے پرفضا مقام طائف کی قدیم ترین بیکری ’الدفاع‘ نے معیاری روٹیاں اور بیکری اشیا فراہم کرکے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں میں منفرد پہچان بنالی ہے۔
رمضان کے دوران طائف کے شہری اورغیر ملکی آج بھی الدفاع بیکری کا رخ کرتے ہیں۔
عاجل ویب سائٹ کےمطابق الدفاع بیکری کے مالک احمد محمد الحمیدی نے بتایا کہ ’ بیکری کی تاریخ 80 سال سے کہیں زیادہ پرانی ہے۔ اس کاحقیقی نام الدفاع نہیں بلکہ الجیش ہے۔ یہ بیکری میرے والد نے قائم کی تھی‘۔
انہوں نے بتایا کہ’ یہ طائف شہر کی واحد بیکری تھی۔ تمام لوگ روٹی اور بیکری کی اشیا کے لیے یہاں آیا کرتے تھے۔ برسہا برس تک اس کے علاوہ کوئی اور بیکری طائف شہر میں نہیں تھی۔ پورے علاقے میں اس کی شہرت تھی اور اب بھی ہے‘۔
احمد محمد الحمیدی کا کہنا ہے کہ ’انہیں اپنی بیکری پر بھی فخر ہے اور وہ بیکری کے کام کو بہترین کاروبار سمجھتے ہیں‘۔