ایس آر ایم جی وینچرز: سعودی میڈیا انڈسٹری میں سرمایہ کاری کا نیا منصوبہ
ایس آر ایم جی وینچرز نے ’تلفاز11 اور وُوز‘ کے ساتھ ابتدائی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے (فوٹو: ایس آر ایم جی)
عالمی سطح پر مربوط سعودی ریسرچ اینڈ میڈیا گروپ(ایس آر ایم جی) نے اپنے نئے منصوبے ‘ایس آر ایم جی وینچرز ‘ کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ایس آر ایم جی کی حکمت عملی کے تحت ’ایس آر ایم جی وینچرز ‘ نئی کمپنیوں اور دیگر شعبوں کے اندر ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کرے گا۔
ان شعبوں میں میڈیا کے تخلیق کار، ڈیجیٹل میڈیا، میڈیا اینبلرز اور انٹرٹینمنٹ شامل ہیں۔
’ایس آر ایم جی وینچرز‘ کمپنیوں کے بنیادی مرحلے سے سیریز بی تک سرمایہ کاری کو ہدف بنائے گا۔‘
’ایس آر ایم جی وینچرز ‘ایس آر ایم جی کو خطے کے ہنرمندوں اور کاروباری افراد کی مدد اور انہیں بااختیار بنانے کے قابل بنائے گا اور یہ خطے میں تیزی سے ابھرتی ہوئی میڈیا انڈسٹری کی مزید ترقی میں بھی کردار ادا کرے گا۔
’ایس آر ایم جی وینچرز‘ ایس آر ایم جی کو جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ میڈیا کے نئے ٹیلنٹ اور کونٹینٹ کری ایٹرز تک براہ راست رسائی فراہم کرے گا۔
یہ نیا کارپوریٹ وینچر ایس آر ایم جی کو نئی منڈیوں میں داخل ہونے اور اپنے کاروبار کو مزید متنوع بنانے میں مدد دے گا اور یہ منافع بخش بھی ہو گا۔
ایس آر ایم جی وینچرز نے تیزی سے ترقی کرنے والی دو کمپنیوں ’تلفاز11 اور وُوز‘ کے ساتھ ابتدائی سرمایہ کاری اور شراکت داری کا بھی اعلان کیا ہے۔
تلفاز 11: یہ سعودی کری ایٹو میڈیا سٹوڈیو ہے جو مقامی طور پر تفریحی مواد کی تیاری میں مہارت رکھتا ہے۔ یہ سٹوڈیو باکس آفس پر ’سطّار‘ اور فیچر فلم ’الخلاّط پلس‘ کا پروڈیوسر ہے جونیٹ فلِکس پر سعودی عرب میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی 10 فلموں میں سے ایک تھی۔
وُوز: ایک مشہور سوشل میڈیا ایپلیکشن ہے جو صارفین کو تھری سکسٹی ڈگری ویڈیوز بنانے کی سہولت فراہم کرتی ہے۔
ایس آر ایم کی چیف ایگزیکٹو آفیسر جمانا الراشد نے کہا ہے کہ ’ہم سعودی عرب اور اس سے باہر فعال اور تیزی سے ترقی کرنے والی میڈیا اور کونٹینٹ انڈسٹری کی رہنمائی اور مدد جاری رکھنے کے لیے پرجوش ہیں۔ ہمارا نیا منصوبہ ’ایس آر ایم جی وینچرز‘ ہمیں نئے ٹیلنٹ اور کونٹینٹ کری ایٹرز کو دریافت کرنے اور ان کی مدد کرنے کے قابل بنائے گا۔ اس سلسلے میں ورچوئل رئیلٹی اور مصنوعی ذہانت میں تازہ ترین پیش رفتوں سے بھی فائدہ اٹھایا جائے گا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’جدید ٹیکنالوجیز کو اپنانے سے ایس آر ایم جی کی مصنوعات اور سروسز مزید بہتر ہوں گی اور ہمارے مقامی اور عالمی ناظرین و سامعین کے لیے مواد میں تنوع پیدا ہو گا۔‘
’ہماری پہلی سرمایہ کاری دو سرکردہ کمپنیوں میں کی گئی ہے جس میں سے ایک مقامی جبکہ دوسری علاقائی ہے۔ یہ پرجوش کاوش کی ابتدا ہے۔‘