مسجد الحرام کے 151 دروازے زائرین کےلیے کھول دیے گئے
مسجد الحرام کے 151 دروازے زائرین کےلیے کھول دیے گئے
اتوار 26 مارچ 2023 20:23
مسجد الحرام کے 36 دروازے ہنگامی حالت میں استعمال کے لیے ہیں( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں ادارہ امورحرمین شریفین کی جانب سے ماہ رمضان کے دوران مسجد الحرام کے 151 دروازے زائرین کےلیے کھول دیے گئے ہیں۔
سرکاری خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ادارہ امورحرمین کے شعبہ ابواب الحرم کے ڈائریکٹرفہد بن شراز المالکی نے بتایا کہ ’ماہ رمضان میں زائرین حرم کی بڑی تعداد کو دیکھتے ہوئے ان کی سہولت کےلیے دروازے کھولے گئے ہیں‘۔
’مسجد الحرام کے 12 دروازے عمرہ زائرین کےلیے مخصوص ہیں جہاں سے صرف عمرہ کرنے والوں کو جانے کی اجازت ہے جبکہ 68 دروازے نمازیوں کے لیے ہیں‘۔
دیگر دروازوں میں 36 دروازے ہنگامی حالت میں استعمال کے لیے ہوتے ہیں جبکہ 35 دروازے داخلی ہیں جومختلف خدمات کےلیے مخصوص ہیں۔
فہد بن شراز المالکی نے مزید بتایا کہ ماہ رمضان کے آغاز سے قبل ادارے کی جانب سے جامع حکمت عملی مرتب کی گئی تھی جس کا مقصد زائرین کو ہرممکن آسانی فراہم کرنا ہے۔ اس حوالے سے 600 اہلکاروں کو بھی ضروری تربیت فراہم کی گئی ہے۔
متعلقہ اہلکاروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ زائرین کو مسجد الحرام میں ازدحام سے باخبرکریں ۔ نماز پڑھنے کی جگہیں (مصلے) بھرجانے کی صورت میں مزید آنے والوں کو دوسری سمت میں جانے کی ہدایت کی جاتی ہے۔
ڈائریکٹرشعبہ ابواب کا کہنا تھا کہ’ دروازوں پرآگاہی سکرینیں بھی نصب کی گئی ہیں جبکہ ان مقامات کی نشاندہی کے لیے جہاں جگہ خالی ہو سبز رنگ کی لائٹوں کا اہتمام کیا گیا ہے جنہیں دیکھ کرزائرین باسانی وہاں پہنچ سکتے ہیں۔