لینڈ سلائیڈنگ کے باعث خیبر پخونخوا اور بلوچستان کو ملانے والی قومی شاہراہ بلاک
حکام کا کہنا ہے کہ شاہراہ کو کھولنے میں 24 سے 30 گھنٹوں کا وقت لگ سکتا ہے۔
بلوچستان اور خیبرپختونخوا کو ملانے والے پہاڑی سلسلے میں بارشوں کے باعث دانہ سر کے مقام پرلینڈ سلائیڈنگ اور پہاڑی تودے گرنے کے نتیجے میں ڈی آئی خان قومی شاہراہ بلاک ہوگئی ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کے مطابق تودے کے زد میں آنے سے ایک ٹرک کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
نیشنل ہائی وے حکام کے مطابق بارشوں کے باعث این 50 پر دانہ سر کے علاقے میں بڑے پیمانے پر لینڈ سلائیڈنگ اور پہاڑی تودے گرے ہیں۔
ایک کلو میٹر تک ہونے والے لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں بلوچستان کو پنجاب اور خیبر پختونخوا سے ملانے والی ڈی آئی خان قومی شاہراہ این 50 ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب سے بند ہے۔
قومی شاہراہ بلاک ہونے سے بلوچستان اور خیبرپختونخوا دونوں اطراف سے سینکڑوں گاڑیاں اور مسافر پھنس گئے ہیں۔
این ایچ اے حکام کا کہنا ہے کہ شاہراہ کو کھولنے کے لئے بھاری مشینری پہنچا دی گئی ہے ڈپٹی ڈائریکٹر مینٹینسس این ایچ اے اور دیگر حکام بھی موقع پر موجود ہیں اور شاہراہ سے پتھر ہٹانے کا کام جاری ہے۔
حکام نے امکان ظاہر کیا ہے کہ شاہراہ کو کھولنے میں 24 سے 30 گھنٹوں کا وقت لگ سکتا ہے۔
دوسری جانب بلوچستان کے ضلع شیرانی کی انتظامیہ کے مطابق پہاڑی تودے سے ایک ٹرک کو نقصان پہنچا ہے تاہم کوئی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔