گیگی حدید نے اپنے سوشل میڈیا اکاونٹ پر اسے 'ایک خواب تھا' کا عنوان دیا ہے۔ فوٹو عرب نیوز
فلسطین نژاد امریکی سپر ماڈل گیگی حدید نے گزشتہ روز ہفتے کو ممبئی میں نیتا مکیش امبانی کلچرل سینٹر میں ہونے والی تقریب میں ہندوستانی روایتی ساڑھی میں شرکت کی۔
عرب نیوز کے مطابق تقریب میں شوبز کی ملکی اورعالمی شخصیات کو مدعو کیا گیا تھا جن میں ٹام ہالینڈ ، پینیلوپ کروز، شاہ رخ خان، پرینکا چوپڑا اپنے گلوکار شوہر نک جوناس کے علاوہ دیپکا پڈکون، سدھارتھ ملہوترا، سیف علی اور کرینہ کپور خاص مہمانوں میں شامل تھے۔
امریکی سپر ماڈل نے سنہری رنگ کی خاص طرز کی ساڑھی کے ساتھ افتتاحی تقریب کے ریڈ کارپٹ پر پوز دیا۔
اس خوبصورت ساڑھی کو معروف ڈیزائنرز ابو جانی اور سندیپ کھوسلہ جو ہندوستانی فیشن کی دنیا میں ایک خاص مقام رکھتے ہیں انہوں نے ڈیزائن کیا ہے۔
گیگی حدید نے اپنےانسٹاگرام اکاونٹ سے اس کی تشہیر کرتے ہوئے 'یہ ایک خواب تھا' کا عنوان تحریر کیا ہے۔
ممبئی میں نیتا مکیش امبانی کلچرل سنٹر باندرہ-کرلا کمپلیکس کے جیو گلوبل سینٹر میں واقع ہے اس کلچرل سنٹر کا مقصد ہندوستانی فنون کو محفوظ کرنا اور اسے فروغ دینا ہے۔
بعد ازاں گیگی حدید نے بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا جوناس، بالی ووڈ اداکار سیف علی خان ، کرینہ کپور اور ہندوستانی ارب پتی مکیش امبانی کے ساتھ ستاروں سے سجی گلابی قالین پر واک کی۔
تقریب میں برطانوی اداکار ٹام ہالینڈ، ایمی ایوارڈ یافتہ امریکی اداکارہ زندایا اور ہسپانوی سٹار پینیلوپ کروز نے بھی شرکت کی۔