نئے سال کا آغاز اِن لائف سٹائل ٹِپس سے کریں اور صحت مند زندگی گزاریں
نئے سال کا آغاز اِن لائف سٹائل ٹِپس سے کریں اور صحت مند زندگی گزاریں
اتوار 5 جنوری 2025 5:27
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
صحت مند زندگی کے لیے موبائل فون کا استعمال کم سے کم کیا جائے (فائل فوٹو: پکسابے)
صحت اور طرز زندگی کو بہتر بنانے کے طریقے اپنا کر آپ نئے سال کا ایک مثبت طریقے سے آغاز کر سکتے ہیں۔ معمولات میں کچھ اہم چیزوں کو شامل کرنے سے آپ کو آسان اور صحت مند زندگی گزارنے میں مدد مل سکتی ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق نیا سال نئی شروعات کا موقع ہوتا ہے اور ایسے میں روزمرہ کی زندگی میں صحت مند عادات کو اپنا کر کچھ مثبت تبدیلیاں لائی جا سکتی ہیں۔
روزہ مرہ کے معاملات میں ٹائم مینجمنٹ، ڈائٹ پلان یا باقاعدگی سے ورزش کی عادت اپنانے سے آپ کو جسمانی اور ذہنی تندرستی میسر آ سکتی ہے۔
اس قسم کی تبدیلیاں آپ کو روزمرہ کی زندگی میں متحرک رہنے، معاملات میں رفتار بڑھانے اور مقصد کا احساس پیدا کرنے جیسی خوبیاں پیدا کر سکتی ہیں جو سال کو بہترین اور بھرپور گزارنے میں کارآمد ثابت ہو سکتی ہیں۔
یہاں ہم آپ کو کچھ ایسی تجاویز کے بارے میں بتاتے ہیں جن پر عمل پیرا ہو کر آپ سال 2025 تندرستی کے ساتھ گزار سکتے ہیں۔
سالِ نو میں تندرست رہنے کی کچھ تجاویز
سالِ نو کے عہد و پیماں کو چھوٹے چھوٹے حصوں میں تقسیم کریں۔ توجہ کو برقرار رکھنے اور پیش رفت کو مؤثر طریقے سے ٹریک کرنے کے لیے سمارٹ اہداف (مخصوص، قابل پیمائش، قابل حصول، وقت کی پابندی) جیسی تکنیکوں کا استعمال کریں۔
اپنے دن کا آغاز ایک مستقل معمول کے ساتھ کریں جس میں ہائیڈریشن، ہلکی ورزش اور دن کی منصوبہ بندی شامل ہو۔
اگر آپ کی صبح منظم ہو گی تو آپ کا پورا دن ہشاش بشاش اور توانائی سے بھرپور گزرے گا اور دن بھر آپ کی پیداواری صلاحیت بھی بہتر رہے گی۔
موبائل کا استعمال کم سے کم کریں، خاص طور پر آپ دن کے ابتدائی اور آخری حصے کے دوران موبائل فون زیادہ استعمال نہ کریں۔
ڈیجیٹل سکرینوں سے دور رہنا آپ کی نیند کے معیار کو بہتر بنا سکتا ہے، تناؤ کو کم کر سکتا ہے اور اہم کاموں پر توجہ مرکوز کرنے کی آپ کی صلاحیت کو بڑھا سکتا ہے۔
غذائیت سے بھرپور کھانوں کو اپنی خوراک میں شامل کریں۔
ڈائٹ پلان کے ساتھ خوراک کھانے سے نہ صرف آپ کی جسمانی صحت کو سہارا ملتا ہے بلکہ خوراک کے ساتھ ایک صحت مند تعلق قائم کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔
تناؤ کو کم کرنے اور جذباتی لچک پیدا کرنے کے لیے اپنے معاملات میں ذہن سازی، مراقبہ یا پھر لکھنے کو روزانہ کے معمولات میں شامل کریں۔
باقاعدہ خود احتسابی، مثبت سوچ برقرار رکھنے اور زندگی کے چیلنجز سے بہتر طریقے سے نمٹنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔
ورزش صحت مند زندگی کے لیے بہت ضروری ہے۔ چاہے وہ پیدل چلنا ہو، یوگا ہو یا جم کی باقاعدہ ورزش، جسمانی طور پر فعال رہنا آپ کے میٹابولزم کو بڑھاتا ہے جو دل کو مضبوط بناتا ہے اور اینڈورفنز کے اخراج کے ذریعے موڈ کو خوش گورا بناتا ہے۔
صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں۔ ایک صاف اور منظم ماحول، ذہنی صحت اور سکون کو فروغ دیتا اور تناؤ کو کم کرتا ہے۔
سال کا آغاز اپنے گھر یا کام کی جگہ کو غیر ضروری اشیا سے پاک کرنے سے کریں تاکہ ایک ایسا ماحول بنایا جا سکے جو آپ کے دماغ کو سکون فراہم کرے۔