سعودی کھجوروں کا عطیہ ضرورت مند افغانوں میں تقسیم کیا جائے گا
افغان ہلال احمر سوسائٹی اس کے لیے پہلے ہی سروے کر چکی ہے۔ ( فوٹو: عرب نیوز)
افغان ہلال احمر سوسائٹی کے ترجمان عرفان اللہ شرفزوئی نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب کی طرف سے عطیہ کی گئی کھجوریں رمضان کے دوران ملک کے انتہائی غریب افراد تک پہنچ جائیں گی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’کھجوروں کی تقسیم اگلے تین دنوں میں شروع ہو جائے گی جب وہ افغانستان پہنچیں گی۔‘
عرب نیوز کے مطابق انہوں نے کہا کہ ’یہ امداد افغانستان کے لیے بہت اہم ہے کیونکہ افغان ہلال احمر سوسائٹی اس کے لیے پہلے ہی ایک سروے کر چکی ہے۔ اسے ان لوگوں میں تقسیم کیا جائے گا جو واقعی غریب ہیں‘۔
رمضان کا مقدس مہینہ خوشی اور اتحاد کا وقت ہے تاہم افغانستان کی معیشت تباہ ہونے کے قریب ہے جب کہ افغان خاندان خوراک خریدنے کے لیے مایوس کن اقدامات کا سہارا لے رہے ہیں۔
سنہ 2021 میں طالبان کے کنٹرول میں آنے کے بعد سے بڑی بین الاقوامی تنظیموں نے افغانستان میں اپنے آپریشنز بند کر دیے ہیں جس کے بعد ملک میں مہنگائی آسمان کو چھونے لگی ہے جب کہ بے روزگاری کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔
افغانستان میں بہت کم افراد کھجوریں خرید سکتے ہیں کیونکہ ان کی قیمتیں کم ترین معیار کے مقامی پھلوں کے لیے فی کلو 2 ڈالر اور اعلیٰ کوالٹی کے لیے موجودہ اوسط تنخواہ کے تحت 35 ڈالر کے درمیان ہیں۔
کابل میں ایک گھریلو خاتون بی بی خالدہ جن کے شوہر ڈرائیور کے طور پر کام کرتے ہیں نے اس سال کے روزوں میں اپنی میز پر پھل شاذ و نادر ہی دیکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’رمضان کے مہینے میں کھجوریں رکھنا ہمارے لیے بہت اہم ہے کیونکہ یہ آپ کو بہت زیادہ توانائی فراہم کرتی ہیں‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’میں اس مہینے کے آغاز سے ہر روز اپنے شوہر سے کچھ کھجوریں لانے کا کہہ رہی ہوں لیکن زیادہ تر دن وہ ان کے بغیر ہی گھر واپس لوٹتے ہیں‘۔
افغانستان میں دوسرے گھرانوں میں بھی صورتحال مختلف نہیں ہے جہاں خاندان زیادہ تر روٹی اور چائے سے افطار کرتے ہیں۔
سعودی عطیہ سےکچھ غریب ترین لوگ مقدس مہینے سے روایتی طور پر جڑے ہوئے میٹھے ذائقے کا مزہ چکھ سکیں گے۔
ہلال احمر سوسائٹی کے شرفزوئی نے کہا کہ ’کھجوریں ان لوگوں میں تقسیم کی جائیں گی جو مہنگائی کی وجہ سے رمضان کے مہینے میں انہیں خرید نہیں پا رہے ہیں۔ وہ غریب خاندانوں کو خوشیاں دیں گے‘۔
یاد رہے کہ سعودی عرب کے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے 100 ٹن پریمیم سعودی کھجور افغانستان کو عطیہ کی ہیں۔
شاہ سلمان مرکز کے ایک ریلیف کوآرڈینیٹر نے کہا کہ افغانستان کے لیے کھجوروں کا سعودی عطیہ رمضان کے دوران ملک کے غریب ترین افراد تک پہنچ جائے گا۔
کھجوروں کا یہ عطیہ شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے مقامی پارٹنر افغان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی نے پاکستان میں قائم سعودی سفارت خانے میں وصول کیا ہے۔