مدینہ منورہ میں پیدا ہونے والی عجوہ مقدس کھجور کے نام سے بھی معروف ہے۔ فوٹو عرب نیوز
کھجور سعودی عرب کی معروف اور منفرد سوغات ہے جو مملکت بھر میں دفتر ہو یا گھر روایتی مہمان نوازی میں عربی قہوے کے ساتھ لازمی جزو سمجھی جاتی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق رمضان کے مقدس مہینے میں افطار کے دسترخوان پر طرح طرح کی کھجوریں انتہائی اہم مقام رکھتی ہیں جس میں کوئی تعجب کی بات نہیں۔
سعودی عرب کی منتخب شدہ کھجوروں کی 200 سے زیادہ اقسام ہیں جو اپنے منفرد ذائقوں، ساخت، رنگوں اور مٹھاس کی وجہ سے درجہ بہ درجہ مقبول ہیں۔
رمضان المبارک کے دوران کھجور کو یہاں باروچی خانے میں مختلف انداز سے استعمال کیا جاتا ہے جس میں کھجور کے مشروبات اور معروف کوکیز کے علاوہ سلاد کی سجاوٹ میں کام آتی ہے۔
رمضان کے مقدس مہینے میں کھجور کا استعمال خاص مذہبی روایت بھی ہے جس پر مسلمان صدیوں سے عمل پیرا ہیں۔
کھجور کی اہمیت اس عقیدے سے بھی جڑی ہوئی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اسی صحت بخش پھل سے روزہ افطار کیا۔
سعودی عرب کے مشرقی ریجن کے رہائشی مکینیکل انجینئر خالد الرمضان نے بتایا ہے کہ انہوں نے اپنا زیادہ وقت علاقے کی خاص قسم کی کھجور تمر کھرمان کے لیے وقف کر دیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ میں الاحساء میں پیدا ہوا اور بچپن سے ہی اپنے ارد گرد کھجوروں کے باغات دیکھے ہیں، اس پھل کی تاریخی حیثیت کے علاوہ اپنے شوق اور محبت کی وجہ سے میں کھجور کے کاروبار سے منسلک ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ یہاں رمضان کے مہینے میں کھجور کی پسندیدہ قسم رزیز ہے۔ یہ کھجور عام طور پر کھجور کے گڑ اور تل کے ساتھ ایک روایتی ڈش کے طور پر پیش کی جاتی ہے۔
کھجوروں سے متعلق جاننے والا کوئی بھی ماہر آپ کو اس خاص قسم کی کھجور کی تاریخی حییثیت، ذائقے اور غذائیت کے بارے میں بتا سکتا ہے۔
انجینئر خالد نے بتایا کہ ماہ رمضان میں مملکت بھر میں مقبول ترین کھجوروں کی چار اقسام انتہائی اہم سمجھی جاتی ہیں۔
عجوہ کھجور کو مملکت میں خاص طور پر اہمیت حاصل ، یہ کھجور مدینہ منورہ میں پیدا ہوتی ہے سیاہ یا گہرے بھورے رنگ اورخاص ذائقہ کی یہ کھجور مقدس کھجور کے نام سے بھی معروف ہے۔
خلاص کے نام سے شہرت رکھنے والی کھجور مملکت کے مشرقی علاقے سے سب سے زیادہ مشہور ہے، یہاں پیدا ہونے والی اہم اقسام میں سے ایک ہے، گہرے بھورے رنگ اور بیضوی شکل کی یہ کھجور اپنے ذائقہ میں میٹھے مکھن کی طرح ہے۔
سکری کھجور 'سکری' عربی میں میٹھے کو کہا جاتا ہے اور یہ کھجور رمضان المبارک کے مہینے میں انتہائی اہم سمجھی جاتی ہے، اسے فائبر کا بڑا ذریعہ بھی کہا جاتا ہے اور دل کی بیماری کے علاج میں بھی اسے شہرت حاصل ہے۔
اسی طرح تمر صقعی مختلف ساخت کی حامل کھجوریں ہیں اس کھجور کا ایک حصہ نرم اور دوسرا خشک اور قدرے کچا ہوتا ہے، ہلکے اور گہرے بھورے رنگ کی یہ کھجور ذائقے کے اعتبار سے خاص شہرت رکھتی ہے اور بہت پسند بھی کی جاتی ہے۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں