Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی فہد حسین اپنے عہدے سے مستعفی

مئی 2022 میں وزیراعظم نے فہد حسین کو معاون خصوصی مقرر کیا تھا۔ فوٹو: انسٹا فہد حسین
وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی فہد حسین اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔
مشہور صحافی اور اینکر پرسن فہد حسین نے منگل کو ٹویٹ میں اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک سال کا ’مفید‘ عرصہ گزارنے کے بعد مستعفی ہو رہے ہیں۔
خیال رہے گزشتہ سال مئی میں وزیراعظم شہباز شریف نے فہد حسین کو پبلک پالیسی اور میڈیا کمیونیکیشن پر اپنے معاون خصوصی کے طور پر مقرر کیا تھا۔
فہد حسین نے ٹویٹ میں مزید کہا کہ وزیراعظم نے انہیں پبلک آفس میں کام کرنے کا موقع دیا جس پر وہ مشکور ہیں۔
فہد حسین نے کہا کہ اس دوران انہوں نے وزیراعظم کو مشکل معاملات سے نمٹتے ہوئے دیکھا اور کوئی بھی ان سے بہتر کردار نہیں ادا کر سکتا تھا۔
صحافی فہد حسین نے ایچی سن لاہور سے تعلیم حاصل کی جبکہ 1991میں امریکہ سے انٹرنیشنل ریلیشنز میں بیچلرز کی ڈگری حاصل کی۔
پاکستان واپس آنے کے بعد انگریزی اخبار دی مسلم میں بطور رپورٹر کام شروع کیا۔
فہد حسن نے 29 برس کی عمر میں نوائے وقت گروپ کے انگریزی اخبار دی نیشن میں پاکستان کے کم عمر ترین ایڈیٹر کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالیں۔
کچھ عرصے بعد وہ دوبارہ اعلٰی تعلیم کے لیے امریکہ چلے گئے اور کولمبیا سکول آف جرنلزم سے اعزاز کے ساتھ ماسٹرز کیا۔
پاکستان واپس آنے کے بعد وہ جنگ گروپ کے انگریزی روزنامے دی نیوز کے ریذیڈنٹ ایڈیٹر بن گئے اور اس کے بعد الیکٹرانک میڈیا میں ان کے کیریئر کا آغاز جیو نیوز میں پروگرام ’فالو اپ وِد فہد‘ کے انگریزی ٹاک شو کے ساتھ ہوا۔
بعد ازاں انہوں نے ایکسپریس نیوز اور دنیا نیوز میں بطور ڈائریکٹرز نیوز ذمہ داریاں ادا کیں۔
فہد حسین نے نجی نیوز چینل اے آر وائے پر بھی سیاسی ٹاک شو کیا۔
اسلام آباد سے نجی نیوز چینل کیپیٹل ٹی وی کے آغاز پر وہ لانچنگ ٹیم کے سربراہ تھے۔
حال ہی میں وہ انگریزی روزنامے ڈان کے اسلام آباد میں ریذیڈنٹ ایڈیٹر رہے اور ڈان ٹی وی پر ٹاک شو بھی کرتے رہے۔

شیئر: