ریاض میں خود کار الیکٹرک کاروں کا تجربہ
وزارت کی جانب سے کاروں کا تجربہ نیشنل ٹرانسپورٹ اور لاجسٹک سٹریٹجی کی مد میں کیا گیا ہے (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں خود کار الیکٹرک کاروں کا تجربہ کیا گیا ہے۔
وزارت ٹرانسپورٹ اور لاجسٹک سروسز کی جانب سے تاریخی گاڑیوں کے تجربے کے بعد خود کار (سیلف ڈرائیونگ) الیکٹرک کاریں اب سعودی عرب کی سڑکوں پر چلنے سے ایک قدم دُور ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ٹرانسپورٹ اور لاجسٹک سروسز کے ڈپٹی وزیر رمیح الرمیح کی مدد سے کاروں کا تجربہ کیا گیا۔
اس تجربے کا مقصد مملکت میں ایکسیڈنٹ اور اموات کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ شہروں کے درمیان اور اندر آمدرورفت کو بہتر بھی بنانا ہے۔
اس کے علاوہ اس ٹیسٹ کا مقصد مملکت میں ٹرانسپورٹ سے پیدا ہونے والے ماحولیات کے لیے مضر عناصر کو ختم کرکے پائیدار ترقی یقینی بناناہے۔
وزارت کی جانب سے خودکار الیکٹرک کاروں کا تجربہ سعودی عرب کے نئے جدید پروجیکٹ نیوم شہرکی ترقی کے لیے نہایت اہم ہوگا۔
وزارت کی جانب سے یہ تجربہ نیشنل ٹرانسپورٹ اور لاجسٹک سٹریٹجی کی مد میں کیا گیا ہے جس کا مقصد مملکت کو روڈ کوالٹی اور سیفٹی میں دنیا کا جدید ملک بنانا ہے۔
اس کے تحت سڑکوں پر ہونے والے ایکسیڈنٹ کو کم کرنا، دنیا بھر کی بہترین پریکٹس اور مملکت کے شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ کا قیام ہے۔
وزات کا مزید عزم ماحولیاتی اہداف کو پورا کرنا جس سے پائیداری، تیل کی کھپت میں 25 فیصد کمی، اور دنیا بھر کی نت نئی اور شاندار ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹرانسپورٹ کے مسائل سے نمٹنا بھی ہے۔