Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عرب ممالک سے جاپان کی خام تیل کی درآمدات 98 فیصد سے زیادہ

سعودی عرب اورامارات نے مجموعی درآمدات کا 77.8 فیصد فراہم کیا (فوٹو: روئٹرز)
جاپان کی وزارت اقتصادیات کی ایجنسی برائے قدرتی وسائل، توانائی، تجارت اور صنعت کے اعداد و شمارکے مطابق فروری میں عرب ممالک سے جاپان کی خام تیل کی درآمدات 98 فیصد سے زیادہ ہو گئیں جس میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے مجموعی درآمدات کا 77.8 فیصد فراہم کیا۔
عرب نیوز کے مطابق فروری میں جاپان کی خام تیل کی مجموعی درآمدات 76.364 ملین بیرل تھیں اور عرب تیل کا حصہ 98.1 فیصد یا 74.910 ملین بیرل تھا جس کی ابتدا عرب خلیج تعاون کونسل کے چھ ممالک سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، کویت، قطر، بحرین اور عمان سے ہوئی تھی۔
سعودی عرب تیل کی درآمدات کا سب سے بڑا ذریعہ تھا جو 33.108 ملین بیرل یا 43.4 فیصد فراہم کرتا تھا۔
اس کے بعد متحدہ عرب امارات 26.244 ملین بیرل (34.4 فیصد)، کویت 8.077 ملین بیرل (10.6 فیصد) اور قطر 4.917 ملین بیرل (6.5 فیصد) کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
جاپان نے سلطنت عمان سے تقریباً 1.495 ملین بیرل (2 فیصد) اور بحرین سے 1.007 ملین بیرل (1.3 فیصد) درآمد کیا۔
بقیہ درآمدات میں امریکہ (1.1 فیصد) سے کمی دکھائی گئی جب کہ جنوب مشرقی ایشیا نے 0.7 فیصد، برونائی نے 0.4 فیصد، ملائیشیا نے 0.3 فیصد اور اوشیانا نے 0.2 فیصد تیل فراہم کیا۔
فروری کے اعداد و شمار میں سب سے زیادہ قابل ذکر روس سے تیل کی درآمدات کی عدم موجودگی تھی۔
اس کے علاوہ جاپانی کمپنیوں نے ایرانی تیل کا بائیکاٹ جاری رکھا کیونکہ جاپان نے ایران پر امریکہ کی جانب سے عائد پابندیوں کی تعمیل کی۔
یہ اعداد و شمار فروری کے دوران جاپان کی بندرگاہوں میں ریفائنریوں، ٹینکس اور گوداموں تک پہنچنے والے تیل کی مقدار کی نمائندگی کرتے ہیں۔
جاپان اپنی توانائی کی ضروریات کا تقریباً ایک تہائی حصہ پیدا کرنے کے لیے تیل کا استعمال کرتا ہے۔

شیئر: