امارات کا ورچوئل ورک ویزا غیر ملکی کیسے حاصل کریں؟
امارات کا ورچوئل ورک ویزا غیر ملکی کیسے حاصل کریں؟
اتوار 11 ستمبر 2022 5:40
ورچوئل اقامہ ایک برس کے لیے جاری ہوگا جس میں توسیع کرنا ممکن ہوگا ( فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات نے پہلی مرتبہ غیرملکیوں کے لیے ورچوئل ورک ویزے کی سہولت فراہم کی ہے۔ اس نوعیت کا اقامہ ایسے غیرملکیوں کو جاری کیا جائے گا جو امارات میں رہتے ہوئے بیرون ملک سے بھی آن لائن کام کرسکیں گے۔
امارات الیوم اخبار کے مطابق غیرملکیوں کو جاری کیے جانے والا ورچوئل اقامہ ایک برس کے لیے کارآمد ہوگا۔ اس دوران وہ امارات میں رہتے ہوئے کسی بھی ملک سے آن لائن خدمات انجام دے سکیں گے۔
ڈیجیٹل حکومت کا کہنا ہے کہ’ ورچوئل ورک پرمٹ یا اقامہ جاری کرنے کا مقصد غیرمعمولی صلاحیت کے حامل افراد کی پیشہ ورانہ خدمات سے استفادہ کرنا ہے جس سے نہ صرف قومی معیشت پر بہتراثرات مرتب ہوں گے بلکہ آن لائن سروسز کے میدان میں بھی افرادی قوت میں اضافہ ہوگا۔‘
ڈیجیٹل حکومت کا ورچوئل اقامہ منصوبہ دنیا بھر سے ماہرین اوربہترین صلاحتیوں کے حامل افراد کو یہ موقع فراہم کررہی ہے جو کسی بھی پیشے میں مہارت رکھتے ہوں اوروہ دبئی میں رہتے ہوئے اپنے سابقہ پیشہ پربھی کام جاری رکھ سکیں گے۔
ایسے افراد کو یہ فائدہ بھی ہوگا کہ وہ بیک وقت اپنے ملک اور امارات میں رہتے ہوئے کام کرسکیں گے۔ ورچوئل اقامہ ایک برس کے لیے جاری ہوگا جس میں توسیع کرنا ممکن ہوگا۔
درخواست گزار کے لیے یہ لازمی ہے کہ وہ کارآمد پاسپورٹ رکھتے ہوں جس کی ایکسپائری 6 ماہ سے کم نہ ہو۔علاوہ ازیں درخواست کے وقت وہ دبئی میں قیام کی مدت کے مساوی میڈیکل انشورنس بھی حاصل کریں۔
اگر درخواست گزار کسی کمپنی یا ادارہ میں ملازم ہے تو اسے اس بات کا ثبوت فراہم کرنا ہوگا۔ کام کی نوعیت، ایک برس کا ملازمت کا معاہدہ، پے سلپ، تنخواہ جو وہ حاصل کررہا ہو اس کی حد 5 ہزار ڈالر سے کسی صورت کم نہ ہو، 3 ماہ کی بینک اسٹیمنٹ بھی جمع کرانا ہو گی۔
دبئی میں قیام کی مدت کے مساوی میڈیکل انشورنس بھی حاصل کریں ( فوٹو امارات الیوم)
ورچوئل اقامہ حاصل کرنے کے خواہشمند اگر کمپنی کے مالک ہوں تو انہیں کمپنی کی ملکیت کے بارے میں ثبوت پیش کرنا ہوگا جس میں یہ بھی واضح ہو کہ ان کی ماہانہ آمدنی 5 ہزار ڈالر سے کسی صورت کم نہ ہو۔
پروگرام کے تحت آنے والے دبئی میں تمام مروجہ سہولتیں حاصل کر سکتے ہیں جن میں بینک اکاؤنٹ کھولنا، ٹیلی کمیونیکیشن خدمات کا حصول اورتعلیم وغیرہ شامل ہیں۔
ورچوئل اقامہ کے لیے درخواست ڈیجیٹل حکومت کے پورٹل پر اپ لوڈ کی جا سکتی ہے۔