انتخابات میں تاخیر کی حمایت نہیں کریں گے، پیپلز پارٹی کا اعلان
آصف زرداری اور بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ’اتحادی جماعتیں مذاکرات کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اپنائیں‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان پیپلز پارٹی نے انتخابات کے لیے آئین میں دی گئی مدت میں تاخیر کی حمایت نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
جمعے کو آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی زیرصدارت پیپلز پارٹی کے مشاورتی اجلاس میں ملک کی سیاسی صورت حال اور دو صوبوں میں الیکشن کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کے بعد جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’آئین میں دی گئی مدت میں تمام اسمبلیوں کے بیک وقت صاف اور شفاف انتخابات ہونے چاہییں۔‘
’مذاکرات کے دروازے بند کرنا مسئلے کا حل نہیں، حکومتی اتحادی جماعتیں مذاکرات کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اپنائیں۔‘
اعلامیے کے مطابق ’موجودہ بحران کی کئی وجوہات ہیں، اقلیتی فیصلے کی اکثریتی فیصلے پر فوقیت بھی ایک وجہ ہے۔‘
اجلاس میں کہا گیا کہ ’عدلیہ کو اپنی ساکھ متاثر کرنے کے لیے متضاد فیصلوں کے بحران سے نکلنا ہو گا۔‘
یاد رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے ازخود نوٹس کے تحت فیصلہ کرتے ہوئے پنجاب میں 14 مئی کو الیکشن کرانے کا حکم دے رکھا ہے۔
حکومتی اتحاد کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ ن سپریم کورٹ کے فیصلے کو تسلیم کرنے سے انکار کر چکی ہے اور وہ الیکشن میں دلچسپی نہیں رکھتی۔
جمعے کو ہی نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ ’سیاسی جماعتیں الیکشن سے بھاگتتی نہیں۔‘
’تاہم الیکشن کے وہ فیصلے جو مسلط کرائے جائیں، جو اپنی سیاسی حکمت عملی کو تقویت دینے کے لیے کرائے جائیں وہ ناقابل قبول ہوتے ہیں۔‘
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ اب الیکشن کا معاملہ نہیں رہا یہ اس بینچ فکسنگ کا معاملہ ہے۔‘