Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فلاحی تنظیم ’الحدیبیہ‘ کی جانب سے 45 ہزار افطار پیکٹس تقسیم

90 ہزارافطاری پیکٹس کی تقسیم کا ہدف مقرر کیا گیا ہے( فوٹو: سبق)
سعودی عرب میں مکہ مکرمہ کی فلاحی تنظیم ’الحدیبیہ‘ کی جانب سے رمضان کے ابتدائی 15 دنوں میں 45 ہزار سے زائد افطارپیکٹس تقسیم کیے گئے ہیں۔
سبق نیوز کے مطابق افطارپیکٹس کی تقسیم کے عمل کی نگرانی مکہ گورنریٹ کی کمیٹی نے کی ہے۔
الحدیبیہ فلاحی تنظیم کے ڈائریکٹرجنرل منصور بن عبدالوھاب نے بتایا کہ ’تنظیم کی جانب سے مکہ مکرمہ میں ضرورت مند خاندانوں کی مدد بھی کی جاتی ہے جس کےلیے باقاعدہ منظم طریقے سے مستحق خاندانوں کا اندراج کیاجاتاہے‘۔
انہوں نے کہا کہ’ فلاحی امورکے حوالے سے تنظیم متعدد   منصوبوں پرکام کرتی ہے جن میں ماہ صیام میں مسجد الحرام میں افطاری کی تقسیم سرفہرست ہے‘۔
’90 ہزارافطاری پیکٹس کی تقسیم کا ہدف مقرر کیا ہے۔ رضا کار یومیہ 3 ہزار پیکٹ کے حساب سے تقسیم کرتے ہیں‘۔ 
تنظیم کا دوسرا پروگرام ’یتیم کی مسکراہٹ ‘ کے عنوان سے جاری ہے جس کے تحت یتم بچوں کو تحائف اور نئے کپڑے فراہم کرنے کے علاوہ ان کےلیے تفریحی سرگرمیوں کا انعقاد بھی شامل ہے جس سے ان بچوں کوقدرے راحت ملتی ہے۔ 
ضرورت مند اورمستحق خاندانوں کی مالی امداد بھی تنظیم کے پروگرام کا حصہ ہے۔ مالی امداد کے علاوہ انہیں الیکٹرانک اشیا بھی فراہم کی جاتی ہیں۔
علاوہ ازیں ان کے گھروں کا بجلی کا بل بھی ادا کیا جاتا ہے جبکہ رمضان کے علاوہ دیگر دنوں میں راشن کا بھی اہتمام کیاجاتا ہے۔ 
فلاحی تنظیم کی جانب سے ’اسکول بیگ ‘ کے عنوان سے بھی مہم چلائی جاتی ہے جس کے تحت یتیم اور ضرورت مند طلبہ کے حصول علم کی راہ آسان بنائی جاتی ہے۔ 
’سقیا الما‘ کے عنوان سے پینے کے پانی تقسیم کا منصوبہ بھی الحدیبیہ فلاحی تنظیم کے پروگرام کا حصہ ہے جس کے تحت زائرین مسجد الحرام کے علاوہ شہر کی مساجد اورضرورت مند خاندانوں کو انکے گھروں میں پینے کے پانی کی بوتلیں فراہم کی جاتی ہیں۔ 

شیئر: