جدہ میں وسیع افطار دسترخوان، جہاں گھر کا ماحول ملتا ہے
رپورٹ: ندیم ذکاء ، ویڈیو : ایاز چوہدری
جدہ کے حئی المحمدیہ کے علاقے میں قائم مسجد الایہ میں افطار کیمپ میں روزانہ تقریباً پندرہ سو سے ساڑھے اٹھارہ سو افراد افطاری کرتے ہیں۔
افطار کیمپ کے نگران طلال القحطانی نے بتایا ہے کہ یہاں روزہ داروں کے لیے افطار کیمپ کا انتظام 1434 ہجری سے لگایا جا رہا ہے۔ دس سال سے جاری اس دسترخوان پر دو روز قبل 1850 سے زائد مہمان روزہ دار موجود تھے۔
افطار کیمپ میں خدمت کے لیے 60 سے زائد رضاکاروں کی مدد حاصل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میری والدہ افطاری کا کچھ سامان گھر سے تیار کروا کر بھجواتی ہیں جن میں خاص طور پر سعودی شوربہ، عربی قہوہ، افطار کے لیے سموسے اور کھیر یا کسٹرڈ کے ساتھ کھجور،زم زم اور لبن بھی روزانہ دسترخوان پر موجود ہوتاہے۔
اس کے علاوہ کبسہ، رز بخاری یا بریانی سے روزہ داروں کی تواضع کی جاتی ہے اور جو کھانا زائد ہو جاتا ہے وہ روزداروں کو پارسل کی شکل میں گفٹ کر دیا جاتا ہے۔
![](/sites/default/files/pictures/April/30801/2023/inside0.jpg)
جدہ میں اس خاص افطار دسترخوان پر پاکستان، انڈیا، بنگلہ دیش ، مصر، یمن ، انڈونیشیا، فلپائن اور کئی دیگر ممالک کے افراد موجود ہوتے ہیں جو انتہائی محبت اور بھائی چارے کی فضا برقرار رکھتے ہیں۔
وہاں موجود پاکستانی سپروائزر عبداللہ عبدالستار خان نے بتایا کہ اس دسترخوان کی خاص بات یہ ہے کہ یہاں محبت ، اخوت اور عزت نفس کا خاص خیال رکھا جاتا ہے۔
![](/sites/default/files/pictures/April/29116/2023/ahlan_wa_sahlan00.jpg)
یہاں آپ کو ہر شخص کے سامنے اھلا وسھلا کے سٹیکر لگے نظر آئیں گے جو انہیں یہاں اپنے مہمان ہونے کا تصور دیتے ہیں۔
افطار کیمپ کے رضاکاروں میں مختلف قومیت کے افراد شامل ہیں، اشرف شمری، ایمن القرشی، ابراہیم الزبیدی اور عبدالسلام کے علاوہ پاکستانی رضاکاروں میں عبداللہ عبدالستار کے علاوہ زیاد ندیم،فیصل لطیف، نبیل احمد،حمزہ خان ،فرقان احمد اور فیضان احمد شامل ہیں۔
عبداللہ عبدالستار نے بتایا ہے کہ یہاں سے بس پر عمرہ کے لیے جانے کا بھی مفت انتظام کیا گیا ہے ۔ ابتدائی دو عشروں میں پیر اور جمعرات کو 4 بسیں روانہ ہوتی تھیں۔
![](/sites/default/files/pictures/April/29116/2023/thumbnails0.jpg)
رمضان کے آخری عشرے میں یومیہ بنیاد پر عمرہ کے لیے جانے کی مفت سہولت ہے ۔ عمرہ تصریح ہونا شرط ہے۔ عمرہ کی ہر بس میں ایک نگران مقرر کیا گیا ہے جو عمرہ کے مسائل سے بھی آگاہ کرتا ہے۔
عمرہ پر روانگی کا وقت افطار کے فورا بعد ہے اور واپسی پر اسی کیمپ میں تمام مہمانوں کے لیے مفت سحری کا بھی انتظام ہے۔