Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلوچستان: مظاہرین سے نمٹنے کے لیے ویمن پولیس کا خصوصی دستہ تیار

40 کیڈٹس پر مشتمل خواتین کے اس خصوصی دستے کو ڈیڑھ ماہ کی تربیت دی گئی (بلوچستان پولیس)
بلوچستان میں مظاہرین سے نمٹنے کے لیے خواتین کا خصوصی دستہ تیار کیا گیا ہے۔ یہ پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا ویمن پولیس اینٹی رائیٹ یونٹ ہوگا۔
40 کیڈٹس پر مشتمل خواتین کے اس خصوصی دستے کو ڈیڑھ ماہ کی تربیت دی گئی جس کے مکمل ہونے پر جمعرات کو پولیس لائن کوئٹہ میں پاسنگ آؤٹ تقریب منعقد ہوئی۔
اس موقع پر خواتین اہلکاروں نے مظاہرین کو قابو کرنے، خود کو پتھراؤ سے بچانے، واٹر کینن، آنسو گیس اور لاٹھی چارج کے استعمال سمیت حاصل کی گئی تربیت کا عملی مظاہرہ کیا۔
آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ کے مطابق یہ دستہ اب تک کراچی، لاہور اور پشاور میں بھی قائم نہیں ہوا ہے۔ یہ یونٹ ابتدائی طور پر کوئٹہ میں قائم کیا گیا ہے اس کا دائرہ ڈویژن اور پھر ضلع کی سطح پر لے جایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’خواتین کی تربیت مکمل ہونا دہشت گردوں کو واضح جواب ہے، ایک ہفتے میں بہت سے جوانوں کی جانیں گئیں، جتنے مرضی حملے ہو جائیں پولیس افسران و اہلکاروں کے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔‘
آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ نے خواتین کیڈٹس کو ہدایت کی کہ وہ پرامن مظاہرین سے بہتر انداز میں پیش آئیں، غصے کے بجائے اپنی مہارت کا استعمال کریں۔
اس موقع پرڈی آئی جی کوئٹہ غلام اظفر مہیسر کا کہنا تھا کہ یہ یونٹ سکیورٹی مشکلات اور خواتین کے دھرنوں کے پیش نظر تشکیل دیا گیا ہے۔ زیر تربیت خواتین کے لیے الگ رہائش گاہوں اور لباس کا خصوصی خیال رکھا گیا ہے۔
 

شیئر: