Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹی20 میچ آج کھیلا جائے گا

کین ولیمسن کی عدم موجودگی کے باعث کیویز کی کپتانی ٹام لیتھم کریں گے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ٹی20 میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ جمعے کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان گزشتہ سال ٹی20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے بعد یہ کوئی پہلا ٹی20 مقابلہ ہوگا۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اب تک 29 ٹی20 میچز کھیلے گئے ہیں جس میں 18 مرتبہ گرین شرٹس جبکہ 11 مرتبہ کیویز کو جیت حاصل ہوئی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے پاکستان کے خلاف سب سے زیادہ رنز سٹار بیٹر کین ولیمسن نے بنائے ہیں۔
انہوں نے پاکستان کے خلاف 19 ٹی20 میچز کھیل کر 584 رنز بنائے ہیں جبکہ پاکستان کی جانب سے سابق آل راؤنڈر محمد حفیظ بلیک کیپس کے خلاف 18 میچز میں 563 رنز بنا کر نمایاں ہیں۔
اگر بولنگ ریکارڈ کی بات کی جائے تو کیوی پیسر ٹم ساؤتھی پاکستان کے خلاف 18 میچز کھیل کر 28 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں جبکہ پاکستان کی طرف سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ سابق آل راؤںڈر شاہد آفریدی کے پاس ہے جنہوں نے 15 میچز میں 21 کیویز کا شکار کیا۔
دورہ پاکستان پر موجود نیوزی لینڈ کی ٹیم کے ساتھ کین ولیمسن، ڈیوون کانوے، ٹِم ساؤتھی، فِن ایلن، لوکی فرگوسن اور گلین فلپس انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے باعث موجود نہیں ہیں۔
کین ولیمسن کی عدم موجودگی کے باعث کیویز کی کپتانی ٹام لیتھم کریں گے جبکہ دوسری جانب گرین شرٹس کے کپتان بابر اعظم بھی آرام کرنے کے بعد ٹیم میں واپس آگئے ہیں۔
اس سے قبل گزشتہ سال دسمبر میں بھی نیوزی لینڈ کی ٹیم نے ٹیسٹ اور ون سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کیا تھا جس میں ٹیسٹ سیریز 0-0 سے ڈرا اور ون ڈے سیریز میں نیوزی لینڈ کو 1-2 سے فتح حاصل ہوئی تھی۔
نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچنگ سٹاف میں بھی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
اس سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن ہوں گے جبکہ اینڈریو پُٹک ٹیم کے بیٹنگ کوچ کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
اسی طرح عبد الرحمان ہیڈ کوچ کے معاون کے طور پر کام کریں گے اور سابق پاکستانی فاسٹ بولر عمر گل قومی ٹیم کے بولنگ کوچ ہوں گے۔
خیال رہے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹی20 میچ جمعے کے روز پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے کھیلا جائے گا۔

شیئر: