Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’فہد اچھے آدمی ہیں، سمجھ نہیں آتا لوگ نفرت کیوں کرتے ہیں‘

عاشر اسلم نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’بھائی فہد مصطفیٰ آپ نے ہمارے دل جیت لیے ہیں۔‘ (فائل فوٹو: اے آر وائی)
اداکار فہد مصطفیٰ پاکستانی ٹی وی چینل ’اے آر وائی‘ پر اپنے شو ’جیتو پاکستان‘ میں خصوصی قابلیت کے حامل افراد سے محبت اور احترام سے پیش آنے پر سوشل میڈیا پر موضوع گفتگو بنے ہوئے ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں فہد مصطفیٰ خصوصی قابلیت کی حامل ایک لڑکی سے نہ صرف ان کا نام  پوچھ رہے ہیں اور انہیں گیم شو میں دیگر افراد پر فوقیت بھی دے رہے ہیں۔
گیم شو میں آمنہ نامی لڑکی جب ساڑھے نو لاکھ روپے کا انعام جیتیں تو میزبان نے ان کی حوصلہ افزائی کرنے کے لیے سٹوڈیو میں بیٹھے افراد سے ان کے لیے تالیاں بھی بجوائیں۔
اس ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک صارف نے لکھا کہ ’میرے نزدیک فہد مصطفیٰ کی عزت اور بڑھ گئی ہے۔ کل بھی جس طرح سے انہوں نے ایک شخص جو بول اور سُن نہیں سکتے تھے ان سے ملے اس منظر نے دل کو گرما دیا۔‘
عاشر اسلم نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’بھائی فہد مصطفیٰ آپ نے ہمارے دل جیت لیے ہیں۔‘

ایسی ہی ایک اور ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں فہد مصطفیٰ قوتِ گویائی اور سماعت سے محروم النور نامی ایک شخص کو گلے لگا رہے ہیں اور انہیں چوم رہے ہیں۔
جب اس گیم شو میں النور ایک موٹر سائیکل جیتے تو انہوں نے اشاروں کی زبان میں فہد مصطفیٰ کو کہا کہ انہیں موٹر سائیکل چلانی نہیں آتی، جس کے بعد میزبان نے قوتِ گویائی اور سماعت محروم سے محروم شخص کو پیچھے بٹھایا اور خود موٹر سائیکل چلائی۔
اس ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’فہد دراصل ایک اچھے آدمی ہیں۔ سمجھ نہیں آتا کہ لوگ ان سے نفرت کیوں کرتے ہیں۔‘

شیئر: