Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی وزیر خارجہ کی دمشق میں شامی صدر بشار الاسد سے ملاقات

دمشق پہنچنے پر شہزادہ فیصل بن فرحان کا استقبال شام کے وزیر برائے صدارتی امور نے کیا (فوٹو: سعودی وزارت خارجہ)
سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان سرکاری دورے پر شام کے دارالحکومت دمشق پہنچے ہیں جہاں ان کی شامی صدر بشار الاسد سے ملاقات ہوئی ہے۔
سعودی وزارت خارجہ کے مطابق منگل کو دمشق انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے پر شہزادہ فیصل بن فرحان کا استقبال شام کے وزیر برائے صدارتی امور منصور فضل اللہ عزام نے کیا۔
سعودی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’شہزادہ فیصل بن فرحان کا دورہ مملکت کی شام کے مسئلے کے سیاسی حل میں دلچسپی کو ظاہر کرتا ہے۔‘
بیان کے مطابق ’سعودی عرب شام کی وحدت، سکیورٹی، استحکام اور عرب شناخت میں دلچسپی رکھتا ہے۔‘
وزارت خارجہ کے مطابق شہزادہ فیصل بن فرحان نے شام کے صدر بشار الاسد سے ملاقات کی جس میں انہوں نے شام کے بحران کے سیاسی اور ایک ایسے ماحول کے قیام پر زور دیا جس میں امداد شام کے ہر حصے تک پہنچے۔
خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے سعودی وزیر خارجہ اور ان کے شامی ہم منصب فیصل المقداد کی جدہ میں ملاقات ہوئی تھی۔
ملاقات کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ ’شام میں تصفیے کے لیے مذاکرات اور تنازعے کے ایسے سیاسی حل پر بات کی گئی جو ملک کی وحدت کو برقرار رکھے۔‘

بیان کے مطابق ’سعودی عرب شام کی وحدت، سکیورٹی، استحکام اور عرب شناخت میں دلچسپی رکھتا ہے‘ (فوٹو: سعودی وزارت خارجہ)

سرکاری خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق فریقین نے شام اور سعودی عرب کے درمیان فضائی پروازوں اور قونصل خانے کی خدمات کی بحالی کی کارروائی کا خیرمقدم کیا۔
شام نے زلزلہ زدگان کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد اور شامی بحران ختم کرانے سے متعلق کاوشوں پر سعودی عرب کی ستائش کی تھی۔
اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ ’فریقین نے شامی بحران کے جامع سیاسی تصفیے کے لیے ضروری اقدامات پر غوروخوض کیا۔‘ 

دمشق پہنچنے پر شہزادہ فیصل بن فرحان کا استقبال شام کے وزیر برائے صدارتی امور منصور فضل اللہ عزام نے کیا (فوٹو: سعودی وزارت خارجہ)

اس خواہش کا اظہار کیا گیا کہ ’شامی بحران کا ایسا جامع سیاسی حل ہو جس سے تمام مسائل ختم ہوں۔ قومی مصالحت عمل میں آئے۔ شام عرب لیگ میں موثر کردار ادا کرے اور عرب دنیا میں اس کا کردار بحال ہو۔‘
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ ’فریقین نے ہر طرح کی دہشت گردی اور دہشت گرد تنظیموں کے انسداد اور امن کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ نشہ آور اشیا کی سمگلنگ اور کاروبار کے انسداد کے سلسلے میں ایک دوسرے سے بھرپور تعاون کیا جائے گا۔‘

شیئر: