امارات:10ملین درہم مالیت کے قیمتی پتھر چوری کرنے والا گروہ گرفتار
دبئی: دبئی پولیس نے 10ملین درہم مالیت کے قیمتی پتھر چوری کرنے والے گروہ کو گرفتار کرلیا۔ گروہ کا تعلق ایشیائی ملک سے ہے ۔ اس نے البرشاءپولیس چوکی کے علاقہ میں واقع کمپنی سے قیمتی پتھر چرالئے تھے۔ الامارات الیوم میں شائع ہونے والی تفصیلات کے مطابق دبئی پولیس کے جنرل سربراہ برائے جرائم جنرل خلیل المنصوری نے کہا ہے کہ پولیس کو مقامی کمپنی کے غیرملکی سربراہ سے اطلاع ملی تھی کہ کمپنی سے 10ملین درہم مالیت کے قیمتی پتھر غائب ہوگئے ہیں۔ اطلاع ملنے پر تفتیشی کا رروائی شروع کردی گئی اور ملک کے تمام ہوائی اڈوں سمیت سرحدی چوکیوں کو الرٹ کردیا گیا۔چند دن تفتیش کے بعد گروہ کے سرغنہ کی شناخت ہوگئی جسے گرفتار کرنے پر دیگر ساتھیوں کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔وہ قیمتی پتھر ملک سے باہر لے جانے کی کوشش کر رہے تھے۔