راجستھان: ٹرین سے ٹکرانے کے بعد گائے اُڑ کر شہری پر جا گری، دونوں ہلاک
ٹرین ٹریکس پر جانوروں کے ساتھ تصادم کے کئی واقعات پیش آ چکے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
انڈین ریاست راجستھان کے شہر الور میں ایک شخص ٹرین کی پٹڑی پر بیٹھا تھا کہ اچانک گائے اس پر آکر گر گئی۔
اخبار انڈیا ٹو ڈے کے مطابق شیودایل شرما نامی ایک شخص ٹرین کی پٹڑی کے کنارے پر پیشاب کر رہا تھا کہ اسی دوران تیز رفتار ٹرین وندے بھارت سے ایک گائے ٹکرا گئی۔
ٹرین بدھ کی صبح تقریباً ساڑھے آٹھ بجے کالی موری گیٹ سے روانہ ہوئی تھی کہ الور میں ٹرین ٹریک پر ایک گائے اس کے راستے میں آ گئی۔
ٹرین کا گائے کے ساتھ تصادم اتنا شدید تھا کہ گائے کے ٹکڑے ٹکڑے ہو گئے اور ایک ٹکڑا 30 میٹر دور جا کر گرا جہاں شیودایل شرما پٹڑی پر بیٹھا پیشاب کر رہا تھا۔
گائے کے جسم کا ایک ٹکڑا شیودایل کے اوپر جا گرا جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔
مذکورہ شخص 23 سال قبل انڈین ریلوے سے الیکٹریشن کی پوسٹ سے ریٹائر ہوا تھا۔
نیم تیز رفتار ٹرین وندے بھارت سےمویشیوں کے ٹکرانے کے پہلے بھی واقعات پیش آ چکے ییں۔ زیادہ تر واقعات ممبئی سے گجرات کے راستے میں پیش آتے ہیں۔
ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو کا کہنا ہے کہ ریل کی پٹڑی پر مویشیوں کے ساتھ ٹکراؤ ناگزیر ہے اور نیم تیز رفتار ٹرین وندے بھارت کو ڈیزائن کرتے وقت یہ بات بھی ذہن میں رکھی گئی تھی۔
وندے بھارت ٹرین 130 سے 160 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار پر سفر کرتی ہے۔
جبکہ دوسری جانب ویسٹرن ریلوے نے جانوروں کو ٹرین کی پٹری پر آنے سے روکنے کے لیے 620 کلو میٹر طویل ممبئی احمدآباد ٹریک کے ارد گرد باڑ لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔