واشنگٹن ...امریکہ میں پاکستانی سفیراعزاز چوہدری نے کہاہے کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ وسیع البنیاد اورپائیدارتعلقات چاہتاہے۔ واشنگٹن میں عالمی امور کی کونسل کے زیراہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ماضی میں پاکستان اورامریکہ کے قریبی تعاون کے مثبت نتائج برآمد ہوئے۔دونوں ملکوںکے تاریخی تعلقات 7 دہائیوں پر مشتمل ہیں۔پاکستان کو ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے مثبت اشارے موصول ہورہے ہیں۔پاکستان یہ سمجھتا ہے کہ یہ تعلق دونوں ممالک کے لئے فائدہ مند ہو سکتا ہے۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ سی پیک پاکستان اور امریکا کے تعلقات پر اثر انداز نہیں ہوگا ۔ افغانستان بھی سی پیک منصوبہ میں شامل ہو کر اس سے فائدہ اٹھائے۔انہوں نے کہاکہ افغانستان میں قیام امن ہماری اولین ترجیح ہے۔ مستحکم اور خوشحال افغانستان پاکستان سمیت پورے خطے کے مفاد میں ہے۔ پاکستان پاک افغان سرحد پرمنظم سرحدی انتظام چاہتا ہے تاکہ سرحد پار دہشت گردوں کی نقل وحرکت کی موثرنگرانی کی جاسکے۔ دہشت گردی ہماری مشترکہ دشمن ہے۔ اس سے نمٹنے کیلئے دونوں ملکوں کو ایک دوسرے سے تعاون کرناچاہیے۔انہوں نے کہاکہ ہندنے مذاکرات کا عمل خود روکا۔ مذاکراتی عمل کی معطلی سے باہمی تعلقات متاثر ہوئے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کشمیریوں کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی مدد جاری رکھے گا۔